اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) پاکستان کسٹمز کے 52ویں کامن ٹریننگ پروگرام کے تحت 12 اسسٹنٹ کلیکٹرز کی خصوصی تربیت مکمل ہوگئی، جس کے سلسلے میں پاسنگ آؤٹ تقریب ایف بی آر ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں منعقد ہوئی۔ چیئرمین ایف بی آر راشد محمود لنگڑیال تقریب کے مہمانِ خصوصی تھے۔
پاکستان کسٹمز کے مطابق تربیتی پروگرام کے دوران افسران کو کسٹمز قوانین، بین الاقوامی تجارت، ٹیرف کلاسیفکیشن، ویلیوایشن اور تجارتی سہولت کاری سمیت مختلف اہم شعبوں میں جامع تعلیمی اور عملی تربیت فراہم کی گئی۔
زیرِ تربیت افسران نے کسٹمز اکیڈمی آف پاکستان، لمز اور نیشنل پولیس اکیڈمی میں تربیتی مراحل مکمل کیے۔ خصوصی تربیت کا مقصد افسران کی تجزیاتی اور مسئلہ حل کرنے کی صلاحیتوں کو جدید کسٹمز انتظامیہ کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا ہے۔
شاہین آفریدی کی تباہ کن بولنگ، پاکستان گولڈ نے گرینز کو شکست دیکر نیشنل چیمپئنز کپ جیت لیا
اس موقع پر ممبر کسٹمز آپریشنز سید شکیل شاہ نے کہا کہ پاکستان کسٹمز کو جدید، خودکار اور ٹیکنالوجی پر مبنی ادارے میں تبدیل کیا جا رہا ہے۔ ان کے مطابق ادارے میں پیشہ ورانہ استعدادِ کار، ٹیکنالوجیکل تبدیلی، دیانت داری اور جدید انسانی وسائل کی ترقی پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔
چیئرمین ایف بی آر راشد محمود لنگڑیال نے کہا کہ مستقبل کا کسٹمز نظام ڈیٹا پر مبنی، رسک بیسڈ اور فیس لیس ہوگا۔ انہوں نے کسٹمز افسران کو قانونی تجارت کے بنیادی سہولت کار اور پاکستان کی معاشی سرحدوں کے صفِ اول کے محافظ قرار دیا۔
تقریب کے اختتام پر تربیت مکمل کرنے والے افسران میں اسناد تقسیم کی گئیں، جبکہ تعلیمی کارکردگی، ڈرل اور نظم و ضبط میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افسران کو اعزازات سے بھی نوازا گیا۔
پاکستان کسٹمز حکام کے مطابق جدید ٹیکنالوجی اور بہتر تربیت کے ذریعے ادارے کی کارکردگی، تجارتی سہولت کاری اور ملکی معاشی سرحدوں کے تحفظ کو مزید مؤثر بنایا جا رہا ہے۔











