اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) آئی جی اسلام آباد کیپٹن (ر) محمد سہیل چوہدری کی ہدایات پر ٹریفک پولیس نے ڈرائیونگ لائسنس کی گھر کی دہلیز پر فراہمی کا آغاز کیا ہے جو جدید سہولیات کی فراہمی کی جانب ایک اور اہم قدم ہے۔
ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق ٹی سی ایس کے ذریعے ڈرائیونگ لائسنس کی ترسیل کا نظام متعارف کروا دیا گیا، شہری لائسنسنگ کے تمام مراحل مکمل کرنے کے بعد اسی وقت بھی لائسنس حاصل کر سکتے ہیں۔
چیف ٹریفک آفیسر کائنات اظہر خان نے بتایا کہ وقت کی بچت کیلیے شہری ٹی سی ایس کے ذریعے گھر کی دہلیز پر بھی لائسنس حاصل کر سکیں گے، اسلام آباد کے رہائشیوں کو صرف ایک جبکہ دیگر شہروں کے افراد کو دو روز میں لائسنس گھر ڈیلیور ہوں گے۔
کائنات اظہر خان نے مزید بتایا کہ ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کیلیے شہریوں کو اب دفاتر کے بار بار چکر لگانے کی ضرورت نہیں۔
چیف ٹریفک آفیسر کے مطابق شہریوں کے وقت اور مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے آسان سروسز کی فراہمی اولین ترجیح ہے، مستقبل میں بھی سہولت اور جدید پولیسنگ کے فروغ کیلیے مزید اقدامات اٹھائے جائیں گے، اسلام آباد ٹریفک پولیس کے جدت کی جانب اقدامات جاری رہیں گے۔











