اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے تعلیمی اداروں کے اطراف اور ملک کے مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف کارروائیوں کے دوران 4 ملزمان کو گرفتار کرکے ایک کروڑ 80 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 167.1 کلوگرام منشیات برآمد کرلی۔
اے این ایف کے مطابق 6 مختلف کارروائیوں کے دوران منشیات برآمد کی گئیں۔ ٹنڈو جام، ضلع حیدرآباد میں یونیورسٹی کے قریب موٹر سائیکل سوار ملزم سے ایک کلوگرام آئس برآمد ہوئی، گرفتار ملزم نے تعلیمی اداروں کے طلبہ کو منشیات فروخت کرنے کا اعتراف کیا۔
راولپنڈی کے ایک کورئیر آفس میں نیوزی لینڈ جانے والے پارسل کی تلاشی کے دوران ویسٹ کوٹ میں جذب کی گئی 1.9 کلوگرام آئس برآمد ہوئی، جبکہ شاہراہ فیصل کراچی کے کورئیر آفس میں برطانیہ جانے والے پارسل سے جوتوں میں چھپائی گئی 4.2 کلوگرام آئس برآمد کی گئی۔
اے این ایف کا مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن، 9 ملزمان گرفتار
اے این ایف نے ضلع پشین کے علاقے سرنان کے قریب کارروائی کرتے ہوئے ٹرک میں سیب کی پیٹیوں کے اندر چھپائی گئی 60 کلوگرام چرس اور 12 کلوگرام آئس برآمد کرکے ایک ملزم کو گرفتار کرلیا۔
ضلع پنجگور میں گرمکان روڈ کے قریب گاڑی سے 48 کلوگرام چرس برآمد کرکے 2 ملزمان کو گرفتار کیا گیا، جبکہ ضلع چاغی کے علاقے دالبندین کے قریب جھاڑیوں میں چھپائی گئی 40 کلوگرام افیون بھی برآمد کرلی گئی۔
اے این ایف کے مطابق گرفتار ملزمان کے خلاف انسدادِ منشیات ایکٹ 1997 کے تحت مقدمات درج کرکے مزید تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔











