اتوار,  20  ستمبر 2026ء
عالمی مارکیٹ میں تیل سستا، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا امکان

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے، تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق امریکی تیل 1.58 فیصد کمی کے بعد 100.3 ڈالر فی بیرل پر آ گیا ہے۔

برطانوی برینٹ خام تیل 0.91 فیصد کمی کے بعد 103.9 ڈالر فی بیرل پر آگیا، اماراتی مربان خام تیل 2.86 فیصد کمی کے بعد 117.9 ڈالر فی بیرل ہوگیا ہے جبکہ قدرتی گیس کی قیمت 0.38 فیصد اضافے کے ساتھ 2.912 ڈالر فی یونٹ رہی۔

پاکستان میں پیٹرول اور ڈیزل کی موجودہ قیمتیں

پاکستان میں حکومت نے 19 سے 21 ستمبر 2026 کے لیے پیٹرول کی قیمت میں 1.65 روپے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 88 پیسے فی لیٹر کمی کی ہے، نئی قیمت کے مطابق پٹرول 389.14 روپے فی لیٹر جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل 424.04 روپے فی لیٹر ہے۔

پیٹرولیم لیوی کے خلاف کراچی دھرنا ختم، جماعت اسلامی کا اسلام آباد لانگ مارچ کا اعلان

اوگرا کے مطابق موجودہ قیمتوں کا تعین عالمی منڈی میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں، پریمیم، فریٹ اور دیگر متعلقہ عوامل کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔ موجودہ نظام کے تحت قیمتوں کا حساب سات کاروباری دنوں کی رولنگ اوسط کے مطابق کیا جا رہا ہے۔

پیٹرول کی قیمت میں ٹیکس اور لیویز کا حصہ

موجودہ قیمت میں حکومت کی عائد کردہ پیٹرولیم اور کلائمیٹ لیویز 85 روپے فی لیٹر جبکہ کسٹمز ڈیوٹی تقریباً 19.59 روپے فی لیٹر ہے، او ایم سی اور ڈیلر مارجن بھی قیمت کا حصہ ہیں، مجموعی طور پر حکومتی لیویز اور ڈیوٹی تقریباً 104.59 روپے فی لیٹر بنتی ہیں۔

دوسری جانب ڈیزل کی موجودہ قیمت 424.04 روپے فی لیٹر ہے، جس میں پیٹرولیم اور کلائمیٹ لیویز 85 روپے اور کسٹمز ڈیوٹی تقریباً 15.68 روپے فی لیٹر شامل ہے۔

عالمی تیل کی قیمتوں کا پاکستان پر اثر

پاکستان اپنی پیٹرولیم ضروریات کا ایک بڑا حصہ درآمدات کے ذریعے پورا کرتا ہے، اس لیے عالمی منڈی میں خام تیل اور ریفائنڈ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کا براہ راست اثر مقامی قیمتوں پر پڑتا ہے۔

حالیہ دنوں میں عالمی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کے باعث پاکستان میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں بھی مسلسل تبدیلیاں کی گئی ہیں۔

واضح رہے کہ عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں کمی ہونے کی وجہ سے پاکستان میں پیٹرول و ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کا امکان ہے۔ قیمتوں میں ردو بدل کا حتمی فیصلہ حکومت کرے گی۔

مزید خبریں