اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کا کہنا ہے کہ پیٹرولیم لیوی کی مد میں ساڑھے 8 ہزار روپے عوام کی جیب پر ڈاکا ڈال کر جمع کیے گئے ہیں۔
ملتان میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ حکومت کہتی ہے کہ عالمی مارکیٹ میں قیمتیں بڑھ گئی ہیں یہ جھوٹ بولتے ہیں، یہ لیوی اس لیے لگائی گئی تھی کہ ریفائنری اور اسٹوریج کی کپیسٹی بڑھائی جائے لیکن اب لیوی کے نام پر بھتہ وصول کیا جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پیٹرولیم لیوی حکومت کا بھتہ ہے جو ہم پر مسلط ہے، 7 اگست کو پیٹرول لیوی کے خلاف پرامن احتجاج کریں گے۔
حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا اعلان کردیا
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ آپ 36 جگہوں پر ٹیکس دیتے ہیں، اس ٹیکس آمدنی سے حکومت کو جو کام کرنے چاہئیں وہ نہیں کرتے، آدھا بجٹ ہمارا قرضوں کی سود کی ادائیگی میں جارہا ہے۔
حافظ نعیم نے کہا کہ ہم ہر چیز پر ٹیکس دیتے ہیں تو معیاری تعلیم ریاست کی ذمہ داری ہے، 11 ہزار اسکول مریم نواز نے آؤٹ سورس کردیے ہیں، یہ اپنی ذمہ داری ادا کرنے کے بجائے اسکول آؤٹ سورس کررہے ہیں، 25 کروڑ عوام مل کر ان حکمران طبقوں کو کیوں آؤٹ سورس نہیں کرسکتے۔
انہوں نے کہا کہ بنیادی صحت یونٹ بھی آؤٹ سورس کرکے مریم نواز کا نام رکھا جارہا ہے، یہ جھوٹ کا نظام زیادہ دیر نہیں چل سکے گا۔











