لاہور (روشن پاکستان نیوز) پنجاب بھر میں طوفانی بارشوں نے تباہی مچا دی ہے اور مختلف حادثات میں خواتین اور بچوں سمیت 10 افراد جاں بحق ہو گئے۔
پنجاب بھر میں جاری طوفانی بارشوں نے تباہی مچا دی ہے اور لوگوں کے معمولات زندگی درہم برہم ہو گئے ہیں۔ چھتیں گرنے اور برساتی پانی میں ڈوبنے سے خواتین اور بچوں سمیت 10 افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں۔
لاہور میں طوفانی براشوں کے دوران چھتیں گرنے کے واقعات میں خاتون سمیت تین افراد جاں بحق ہوئے۔ کئی زخمی ہیں۔
قصور میں چھت گرنے سے 2 افراد لقمہ اجل بن گئے جب کہ تین زخمی ہوئے۔ گجرات میں مکان کی چھت منہدم ہونے سے تین بھائی بہن جان سے گئے۔
حجرہ شاہ مقیم میں چھت گرنے سے خاتون جاں بحق اور چار افراد زخمی ہوئے۔ گوجرانوالہ میں برساتی پانی میں ڈوبنے سے بچہ جاں بحق ہوگیا۔
محکمہ موسمیات نے پنجاب سمیت ملک کے بیشتر علاقوں میں ستائیس جولائی تک مزید بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔
پنجاب حکومت کا سرکاری ملازمین اور پنشنرز کو جولائی کی ادائیگیاں قبل از وقت کرنے کا فیصلہ
دوسری جانب پی ڈی ایم اے نے مون سون بارشوں کے باعث پنجاب کے دریاؤں میں طغیانی کی صورتحال پر اپ ڈیٹ جاری کرتے ہوئے بتایا ہے کہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران پنجاب کے تمام دریاؤں کا بہاو مستحکم رہا ہے۔ جب کہ بالائی علاقوں میں بارشوں کے سبب تمام دریاؤں کے بہاؤ میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔
دریائے سندھ میں کالا باغ، چشمہ اور تونسہ کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے جب کہ دریائے چناب میں سیلابی صورتحال میں کمی آنے کے بعد بہاؤ نچلے درجے پر آگیا ہے۔
اس کے علاوہ مرالہ، خانکی، قادر آباد اور تریموں کے مقام پر دریائے چناب میں نچلے درجے کا سیلاب ہے۔ دریائے ستلج اور جہلم میں پانی کا بہاؤ فی الحال عمومی سطح پر جاری ہے۔
دریائے راوی میں بلوکی اور سدھنائی کے مقام پر نچلے درجے کی سیلابی صورتحال ہے۔ نارووال نالہ بسنتر میں درمیانے اور نالہ پھلکو میں اونچے درجے کا سیلاب ہے۔











