پیر,  13 جولائی 2026ء
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور وزیرِ توانائی اویس لغاری کی سعودی وزیر خزانہ سے اہم ملاقات

ریاض (وقار نسیم وامق) پاکستان اور سعودی عرب نے مالیاتی، سرمایہ کاری، توانائی اور بجلی کے شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا ہے، ریاض میں ہونے والی اہم ملاقات میں دونوں ممالک نے اقتصادی شراکت داری کو نئی سمت دینے کا عزم ظاہر کیا۔

سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں پاکستان کے وفاقی وزیرِ خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے سعودی وزیرِ خزانہ محمد بن عبداللہ الجدعان سے ملاقات کی جس میں وفاقی وزیرِ توانائی سردار اویس لغاری بھی شریک تھے، ملاقات میں دوطرفہ فنانس گروپ کے تحت مالیاتی، سرمایہ کاری اور بجلی و توانائی کے شعبوں میں تعاون کے نئے مواقع پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔

پاکستانی وفد نے سعودی قیادت کی مسلسل حمایت پر شکریہ ادا کیا جبکہ دونوں وزرائے خزانہ نے اقتصادی اور توانائی کے شعبوں میں مشترکہ منصوبوں کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا۔

اس موقع پر وفاقی وزیرِ توانائی سردار اویس لغاری نے توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری اور مستقبل کے امکانات پر اپنے خیالات کا اظہار بھی کیا۔

ملاقات میں اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ باہمی شراکت داری کو بڑھا کر پائیدار معاشی استحکام اور مشترکہ ترقی کے نئے راستے کھولے جائیں گے۔

مزید خبریں