اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) انسدادِ منشیات فورس (اے این ایف) نے تعلیمی اداروں کے اطراف اور ملک کے مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے خاتون سمیت 6 ملزمان کو گرفتار کر لیا، جبکہ 82 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 100.01 کلوگرام منشیات برآمد کر لی گئی۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق بحریہ ٹاؤن راولپنڈی کے قریب ایک گاڑی سے 310 گرام آئس برآمد کر کے ایک ملزم کو گرفتار کیا گیا۔ دورانِ تفتیش ملزم نے اعتراف کیا کہ وہ تعلیمی اداروں کے طلبہ کو منشیات فروخت کرتا تھا۔
ایک اور کارروائی میں باچا خان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر جدہ جانے والے مسافر کے جوتوں سے 970 گرام آئس برآمد کر کے اسے گرفتار کر لیا گیا۔
اسی طرح علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ لاہور پر بحرین جانے والی ایک خاتون کے پیٹ سے 210 گرام وزنی 30 آئس بھرے کیپسولز برآمد کیے گئے۔
لاہور کے اپر مال میں واقع ایک کوریئر آفس میں کویت جانے والے پارسل کی تلاشی کے دوران سنوکر ٹیبل کے اندر چھپائی گئی 2.520 کلوگرام آئس برآمد کی گئی۔
کوئٹہ کے علاقے بالیلی ڈسٹرکٹ کے قریب ایک گاڑی سے 84 کلوگرام چرس برآمد کر کے ایک ملزم کو گرفتار کیا گیا، جبکہ مری روڈ اسلام آباد کے قریب ایک گاڑی سے 12 کلوگرام چرس برآمد ہونے پر دو ملزمان کو حراست میں لے لیا گیا۔
اے این ایف کا ملک بھر میں منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن، 2 خواتین سمیت 10 ملزمان گرفتار
اے این ایف حکام کے مطابق تمام ملزمان کے خلاف انسدادِ منشیات ایکٹ 1997 کے تحت مقدمات درج کر کے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔











