اسلام آباد: اگیگا فیڈرل کا بجٹ سے قبل احتجاجی دھرنے کا اعلان

اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز) آل گورنمنٹ ایمپلائز گرینڈ الائنس (اگیگا) فیڈرل نے 4 جون 2026 کو وزارت خزانہ (کیو بلاک) کے سامنے احتجاجی دھرنے جبکہ 5 جون کو بجٹ کے روز پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے ملک گیر دھرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

یہ اعلان روز گارڈن اسلام آباد میں منعقدہ عید ملن پارٹی اور مشاورتی اجلاس کے بعد کیا گیا، جس کی صدارت اگیگا پاکستان کے چیف کوآرڈینیٹر رحمان علی باجوہ نے کی۔ اجلاس میں وفاقی تنظیموں کے قائدین اور فیڈرل سیکرٹریٹ کور کمیٹی کے اراکین نے شرکت کی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ 10 مارچ 2025 کو حکومت پاکستان اور اگیگا کے درمیان طے پانے والے معاہدے پر تاحال مکمل عملدرآمد نہیں ہو سکا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ معاہدے کی باقی ماندہ شقوں پر فوری عملدرآمد کیا جائے اور انہیں آئندہ وفاقی بجٹ 2026-27 کا حصہ بنایا جائے۔

مقررین نے کہا کہ موجودہ مہنگائی اور بڑھتے ہوئے اخراجاتِ زندگی کے باعث سرکاری ملازمین شدید مالی دباؤ کا شکار ہیں، لہٰذا ان کے جائز مطالبات کو بجٹ میں ترجیحی بنیادوں پر شامل کیا جائے۔

اجلاس میں مختلف اداروں کی نمائندگی بھی کی گئی جن میں لیبر یونٹی آف آئیسکو، سی ڈی اے، واپڈا، پاکستان ریلویز، فیڈرل ایجوکیشن، پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ، نیشنل سیونگز، پاکستان پوسٹ آفس، ریڈیو پاکستان، قائداعظم یونیورسٹی، اسٹیٹ آفس، پاکستان سپورٹس بورڈ، پاکستان ملٹری اکاؤنٹس ڈیپارٹمنٹ، علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی اور پنشنرز ایسوسی ایشنز شامل تھیں۔

اعلامیے کے مطابق اگیگا فیڈرل 4 جون کو وزارت خزانہ کے سامنے پرامن احتجاج کرے گا جو بجٹ کے روز 5 جون تک جاری رہے گا۔ جبکہ 5 جون کو ملک بھر سے ہزاروں ملازمین قافلوں کی صورت میں پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے احتجاجی دھرنے میں شریک ہوں گے۔

تنظیم نے واضح کیا ہے کہ یہ احتجاج مطالبات کی منظوری تک جاری رہے گا۔

مزید خبریں