گورنمنٹ آف پنجاب کی جانب سے سمر کیمپس کی اجازت خوش آئند اقدام ہے: حافظ محمد بشارت

اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز) گورنمنٹ آف پنجاب کی جانب سے ایک ماہ کے لیے تمام کلاسز میں سمر کیمپس کی اجازت دینے کے فیصلے کو تعلیمی حلقوں نے خوش آئند قرار دیا ہے۔ اس اقدام سے بالخصوص بورڈ کلاسز میں زیرِ تعلیم طلبہ و طالبات کو اپنی تعلیمی تیاری مزید بہتر بنانے اور امتحانات کی بھرپور تیاری کا بہترین موقع میسر آئے گا۔
ممبر بورڈ آف گورنرز فیڈرل بورڈ اور صدر پرائیویٹ ایجوکیشنل سوسائٹی حافظ محمد بشارت نے ایگزیکٹو کمیٹی اور زونل صدور پرائیویٹ ایجوکیشنل سوسائٹی کے ہمراہ پنجاب حکومت کے اس فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ تعلیمی صورتحال میں سمر کیمپس طلبہ کے لیے نہایت مفید ثابت ہوں گے۔ خصوصاً بورڈ امتحانات کی تیاری کرنے والے طلبہ اس سے بھرپور فائدہ اٹھا سکیں گے۔

انہوں نے کہا کہ تعلیمی تسلسل برقرار رکھنے اور طلبہ کے تعلیمی نقصان کے ازالے کے لیے سمر کیمپس وقت کی اہم ضرورت ہیں۔ ایسے اقدامات طلبہ کی علمی استعداد میں اضافے اور بہتر نتائج کے حصول میں معاون ثابت ہوں گے۔

حافظ محمد بشارت نے مزید کہا کہ انشاءاللہ اسلام آباد میں بھی نجی تعلیمی اداروں کو ایک ماہ کے لیے سمر کیمپس کی اجازت ملنے کا قوی امکان ہے، جس کے لیے بھرپور کوششیں جاری ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ متعلقہ ادارے طلبہ کے بہتر تعلیمی مستقبل کو مدنظر رکھتے ہوئے مثبت فیصلہ کریں گے تاکہ طلبہ اپنی تعلیمی سرگرمیاں بغیر کسی تعطل کے جاری رکھ سکیں۔

مزید خبریں