عید الاضحی: راولپنڈی میں سکیورٹی ہائی الرٹ، آر پی او اور سی پی او کا مویشی منڈیوں کا دورہ

راولپنڈی(روشن پاکستان نیوز) عید الاضحی کے موقع پر سکیورٹی اور ٹریفک انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے آر پی او راولپنڈی بابر سرفراز الپا اور سی پی او سید خالد محمود ہمدانی نے شہر کے مختلف علاقوں اور مویشی منڈیوں کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ایس پی پوٹھوہار سردار بابر ممتاز، ڈی ایس پی کینٹ خالد محمود اور دیگر افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔

آر پی او بابر سرفراز الپا اور سی پی او سید خالد محمود ہمدانی نے مویشی منڈیوں میں سکیورٹی، ٹریفک اور شہری سہولیات کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا اور متعلقہ افسران کو ضروری ہدایات جاری کیں۔

کراچی میں 18 لڑکیوں سے عصمت دری کرنے والا سیریل ریپسٹ گرفتار

سی پی او سید خالد محمود ہمدانی نے کہا کہ مویشی منڈیوں کی سکیورٹی کے لیے 250 سے زائد افسران و اہلکار فرائض سر انجام دے رہے ہیں، جبکہ منڈیوں کے اطراف ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کے لیے 100 سے زائد ٹریفک افسران بھی تعینات کیے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شہریوں کی سہولت اور حفاظت کے لیے فول پروف سکیورٹی اور مؤثر ٹریفک انتظامات کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ تھانوں کی موبائلز، ڈولفن فورس اور ایلیٹ فورس کی ٹیمیں مویشی منڈیوں کے اطراف مسلسل گشت کر رہی ہیں جبکہ بس اڈوں، ہوٹلوں اور سراؤں کی خصوصی مانیٹرنگ بھی جاری ہے۔

سی پی او نے مزید کہا کہ عید الاضحی کے موقع پر مساجد، امام بارگاہوں، عید گاہوں، اہم تنصیبات اور دیگر پبلک مقامات کے لیے جامع اور فول پروف سکیورٹی پلان تیار کیا گیا ہے۔

اس موقع پر آر پی او بابر سرفراز الپا نے کہا کہ شہریوں کی جان و مال کے تحفظ اور امن و امان کے قیام کے لیے تمام ممکنہ اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عید الاضحی کے دوران شہر بھر میں مربوط سکیورٹی اور ٹریفک انتظامات کو یقینی بنایا جائے گا تاکہ شہری پرامن ماحول میں عید کی خوشیاں منا سکیں۔

آر پی او نے کہا کہ پنجاب پولیس شب و روز شہریوں کی حفاظت کے لیے بھرپور انداز میں فرائض سر انجام دے رہی ہے تاکہ عوام اعتماد اور اطمینان کے ساتھ عید الاضحی منا سکیں۔

مزید خبریں