غزہ( روشن پاکستان نیوز ): ایدھی فاؤنڈیشن کے سربراہ فیصل ایدھی کے صاحبزادے سعد ایدھی کو اسرائیلی فوج نے فلسطین کے لیے امدادی سامان لے جانے کے دوران درجنوں دیگر عالمی کارکنان کے ساتھ حراست میں لے لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سعد ایدھی “گلوبل صمود فلوٹیلا” بین الاقوامی امدادی مشن کا حصہ ہیں، جو غزہ کے محصور مسلمانوں تک انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امداد پہنچانے کی کوشش کر رہا ہے۔
رپورٹ کے مطابق یہ امدادی مشن 14 مئی 2026 کو ترکیہ کے علاقے مارماریس سے روانہ ہوا تھا، جس میں سعد ایدھی سمیت دنیا بھر سے تعلق رکھنے والے 500 سے زائد امدادی کارکنان شامل ہیں۔
اسرائیلی فوج کی جانب سے حراست میں لیے جانے سے چند لمحے قبل سعد ایدھی نے ہنگامی ویڈیو بیان بھی جاری کیا تھا۔ ویڈیو میں اسرائیلی فوج کو امدادی مشن پر حملہ کرتے اور کارروائی کرتے ہوئے واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے۔
ایدھی فاؤنڈیشن اور عالمی رضاکاروں کی جانب سے فلسطینیوں کے لیے امدادی سامان پہنچانے کی اس پرامن کوشش کو اسرائیلی فورسز نے طاقت کے زور پر روک کر امدادی کارکنان کو قیدی بنا لیا ہے۔











