راولپنڈی(روشن پاکستان نیوز): چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مشکور ہیں جنہوں نے پاکستان کی ثالثی کو بار بار سراہا ہے۔
چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے جی ایچ کیو میں منعقدہ ’معرکہ حق‘ کی پروقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج کا دن پوری قوم کے لیے باعثِ افتخار ہے، کیونکہ ایک سال قبل اللہ تعالیٰ نے معرکہ حق میں پاکستان کو عظیم کامیابی عطا فرمائی اور بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا گیا۔
فیلڈ مارشل نے واضح کیا کہ ہماری عسکری حکمت عملی کا محور جارحیت نہیں بلکہ امن ہے، تاہم دشمن یاد رکھے کہ آئندہ کسی بھی مہم جوئی کی صورت میں جنگ کے اثرات محدود نہیں ہوں گے۔ ہم مسلح افواج کو صرف نئے ہتھیار ہی نہیں بلکہ نئی سوچ اور نئی حکمت عملی بھی دے رہے ہیں۔
انہوں نے سعودی عرب کے ساتھ اسٹریٹجک دفاعی معاہدے کو بڑی سفارتی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان آج اپنی موثر قیادت سے عالمی سفارت کاری کر رہا ہے۔ انہوں نے امریکی صدر ڈونلڈ کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے پاکستان کی ثالثی کو سراہا اور کہا کہ امریکا اور ایران کو پاکستان کی قیادت پر مکمل اعتماد ہے۔
قوم اور افواج اندرونی و بیرونی چیلنجز کے مدِمقابل بنیان مرصوص کی مانند یکجا ہیں: فیلڈ مارشل
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ بھارت اور افغانستان سے پاکستان کے خلاف دہشت گردی اب بھی جاری ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ افغانستان اپنی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال ہونے سے روکے۔











