جمعرات,  26 دسمبر 2024ء
فضائی آلودگی میں لاہور کا بدستور پہلا نمبر، آئندہ 3 روز صورتحال مزید بدترین ہونے کا خدشہ

لاہور(روشن پاکستان نیوز) صوبائی دارلحکومت لاہور فضائی آلودگی کا بدستور پہلے نمبر پر ہے آئندہ 3 روز صورتحال مزید بد ترین ہونے کا خدشہ کیا جا رہاہے۔

شہرکا ائیرکوالٹی انڈیکس 1165 کی خطرناک سطح پر پہنچ گیا، شہر کی فضا میں کیمیائی مادوں کی تعداد عالمی ادارہ صحت گائیڈ لائنز سے 131 گنا زائد ریکارڈ کی ۔

بین الاقوامی ائیر مانیٹرز کیمطابق شہرکی فضا میں کیمیائی مادوں کی تعداد عالمی ادارہ صحت گائیڈ لائنز سے 131گنا زائد ہے،ڈیفنس فیز 8کا ائیرکوالٹی انڈیکس 1696،ڈیوس روڈ 1464،گلبرگ کا 1306 ریکارڈ کیا جارہا ہے۔

ڈیفنس فیز 5 کا انڈیکس 1212،کینٹ کا 1232،شادمان کا انڈیکس 1165،مال روڈکا 1065 فیروزپور روڈ کا 874، جوہر ٹاؤن، ٹاؤن شپ کا 782 ریکارڈ کیا جارہا ہے۔

موسمیاتی ادارے نے خبردار کر تے ہوئے بتایا کہ آئندہ 3 روز تیز ہوائوں کے باعث اسموگ کی صورت حال مزید بد ترین ہونے کا خدشہ ہے۔

طبی ماہرین نے شہریوں کو غیر ضروری گھروں سے باہر نہ جانے کی ہدایت کی ہےاورباہر نکلتے ہوئے ماسک کا استعمال لازمی کریں۔

ادھر سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے شہریوں سے آئندہ 3 روز سختی سے احتیاطی تدابیر پر عمل کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ موسمیاتی ماہرین کی مشاورت سے مصنوعی بارش کا آپشن استعمال کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پوری قوت سے اسموگ پھیلانے والے ذرائع کو روکیں گے، شہری ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی پر 1373 پر شکایت کریں اور گرین ایپ کا استعمال کریں۔

مزید پڑھیں: لاہور ہائیکورٹ نے آلودگی کا باعث بننے والی فیکٹریوں کو گرانے کا حکم دے دیا

مزید خبریں