نیویارک (روشن پاکستان نیوز): علامہ اقبال کمیونٹی سینٹر ٹرسٹ کے زیرِ اہتمام بروکلین، نیویارک میں ایک عظیم الشان بین الاقوامی میلہ منعقد کیا جا رہا ہے، جس کی میزبانی علامہ اقبال کمیونٹی سینٹر کے چیئرمین چوہدری جاوید گوندل کریں گے۔ اس سلسلے میں ایک اہم مشاورتی اجلاس منعقد ہوا، جس میں میلے کی تیاریوں، انتظامات اور انسانی خدمت کے منصوبوں پر تفصیلی غور کیا گیا۔
اجلاس میں مقررین نے کہا کہ علامہ اقبال کمیونٹی سینٹر ٹرسٹ گزشتہ کئی برسوں سے فلاحی، سماجی اور انسانی خدمت کے میدان میں نمایاں کردار ادا کر رہا ہے۔ ادارے کا مقصد کمیونٹی کے درمیان اتحاد، بھائی چارے، باہمی تعاون اور خدمتِ خلق کے جذبے کو فروغ دینا ہے، جبکہ آنے والا میلہ بھی انہی مقاصد کے حصول کا اہم ذریعہ ثابت ہوگا۔
چوہدری جاوید گوندل نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بروکلین میلہ مختلف ثقافتوں، برادریوں اور ممالک کے لوگوں کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرنے کا بہترین موقع فراہم کرے گا۔ انہوں نے بتایا کہ اس تقریب میں امریکہ سمیت مختلف ممالک سے معزز مہمان، سماجی شخصیات، کمیونٹی رہنما اور خاندان بڑی تعداد میں شرکت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ میلے کے دوران ثقافتی سرگرمیوں، خاندانی تفریح، سماجی ہم آہنگی اور کمیونٹی سروس کے مختلف پہلوؤں کو اجاگر کیا جائے گا۔
اجلاس کے شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بروکلین میلہ نہ صرف پاکستانی اور کشمیری کمیونٹی بلکہ دیگر قومیتوں کے درمیان محبت، رواداری اور یکجہتی کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔ اس موقع پر انتظامی کمیٹی کے ارکان نے میلے کو کامیاب بنانے کے لیے بھرپور تعاون اور مشترکہ کوششوں کے عزم کا بھی اظہار کیا۔











