جمعرات,  07 مئی 2026ء
چین کا تین پاور پلانٹس مقامی کوئلے پر چلانے کا عندیہ

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) پاکستان کے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور وزیر توانائی اویس لغاری کے دورہ چین کے دوران امپورٹڈ کوئلے سے چلنے والے پاور پلانٹس کے حوالے سے اہم پیشرفت ہوئی ہے۔

1320 میگاواٹ کا ساہیوال کول پاور پلانٹ، 1320 میگاواٹ کا حب پاور پلانٹ جبکہ 1320 میگاواٹ کا پورٹ قاسم پاور پلانٹ امپورٹڈ کوئلے پر چل رہے ہیں اور انرجی باسکٹ میں مہنگی ترین بجلی پیدا کرنے والے پلانٹس میں شامل ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ چین کی جانب سے پاکستانی وفد کو تینوں کول پاور پلانٹس کی ری پروفائلنگ کے حوالے سے بھی مثبت جواب دیا گیا ہے۔

ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ امپورٹڈ کوئلے سے چلنے والے پاور پلانٹس کے معاملات کو آگے بڑھانے کا طریقہ کار بھی طے پا گیا ہے۔

چینی حکام نے پاکستان وفد کو پانڈا بانڈز کے معاملے میں بھی مکمل سپورٹ فراہم کرنے کی یقین دہائی کرائی ہے۔

پاکستانی وزراء کا یہ دورہ چین ایک ایسے وقت میں ہوا ہے جب پاکستان میں آئی پی پیز کی کپیسٹی پیمنٹ کے باعث مہنگی بجلی کا بحران شدت اختیار کر چکا ہے، تینوں پاور پلانٹس کی کنورشن، ری پروفائلنگ اور دیگر معاملات کے حوالے سے پاکستان اور چینی حکام کی ملاقاتیں جاری رہیں گی۔

مزید خبریں