منگل,  25  اگست 2026ء
بریڈفورڈ میں کشمیری کمیونٹی کا آزاد کشمیر کی صورتحال پر احتجاج کا اعلان

بریڈفورڈ(روشن پاکسدتان نیوز) برطانیہ کے شہر بریڈفورڈ میں کشمیری کمیونٹی کی جانب سے کل 26 اگست کو احتجاجی مظاہرے کا اعلان کیا گیا ہے، جس میں آزاد جموں و کشمیر میں حالیہ سیاسی کشیدگی، ہلاکتوں، گرفتاریوں، مواصلاتی پابندیوں اور سیاسی معاملات میں مداخلت کے خلاف آواز اٹھائی جائے گی۔

منتظمین کے مطابق مظاہرہ بدھ 26 اگست کو صبح 11 بجے سے دوپہر ایک بجے تک پاکستانی قونصل خانے کے باہر منعقد ہوگا۔ مظاہرین سے کہا گیا ہے کہ وہ کشمیر میں مبینہ ہلاکتوں، کرپشن، سیاسی رہنماؤں کی گرفتاریوں اور انٹرنیٹ و مواصلاتی سروسز کی بندش کے خلاف احتجاج کریں۔

احتجاج کے لیے جاری کیے گئے پوسٹرز میں ’’کشمیر میں قتل عام بند کرو‘‘، ’’کرپشن بند کرو‘‘، ’’ہمارے رہنماؤں کی گرفتاریاں بند کرو‘‘ اور ’’آزاد کشمیر میں سیاسی کھیل بند کرو‘‘ جیسے نعرے درج ہیں۔ مظاہرین کشمیر کے مسئلے کے حل، انصاف، آزادی اور حقِ خودارادیت کا بھی مطالبہ کریں گے۔

احتجاجی مہم میں حالیہ واقعات کے متاثرین کو خراج عقیدت پیش کرنے اور شہداء کی یاد میں آواز بلند کرنے کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔ منتظمین نے مظاہرے کو ’’ایک قوم، ایک آواز، ایک جدوجہد‘‘ کے عنوان سے منظم کرنے کی اپیل کی ہے۔

آزاد کشمیر میں خواتین کی مخصوص نشستوں پر میرٹ نظرانداز کیا گیا،بلقیس صابر راجہ

بریڈفورڈ میں کشمیری کمیونٹی کی جانب سے اس سے قبل بھی آزاد کشمیر کی صورتحال پر احتجاجی مظاہرے کیے جا چکے ہیں۔ 5 اگست کو ہونے والے ایک مظاہرے میں شرکا نے انسانی حقوق، شہری آزادیوں اور انسانی وقار کے تحفظ کا مطالبہ کیا تھا۔

آزاد کشمیر میں حالیہ ہفتوں کے دوران جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی (JAAC) کی احتجاجی سرگرمیوں، سیاسی مطالبات اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ جھڑپوں کے باعث کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے۔ ان واقعات میں جانی نقصان، انٹرنیٹ اور مواصلاتی سروسز کی بندش اور سیاسی رہنماؤں و کارکنوں کے خلاف کارروائیوں کے الزامات سامنے آئے ہیں، جبکہ حکام نے بعض الزامات کو مسترد بھی کیا ہے۔

مظاہرے کے منتظمین میں کونسلر خالد محمود، ناصر نمبردار، انصار محمود، حافظ آزاد اور سابق کونسلر مختار سمیت دیگر افراد کے نام اور رابطہ نمبرز جاری کیے گئے ہیں۔ احتجاج بریڈفورڈ میں 1-3 کنگز گیٹ پر قائم پاکستانی قونصل خانے کے باہر منعقد کیا جائے گا۔

مزید خبریں