ریاض ( ) عالمی حلقۂ فکر و فن کے مطابق امریکی ایوانِ نمائندگان U.S. House of Representatives کے رکن یوجین ونڈمین Eugene Vindman نے عالمی حلقہء فکروفن کے چیئرمین ڈاکٹر محمد ریاض چوہدری کی ادبی و سماجی خدمات کو باضابطہ طور پر سراہا ہے۔
کانگریس مین یوجین ونڈمین نے اپنے سرکاری تعزیتی بیان میں ڈاکٹر ریاض چوہدری کے انتقال پر ایک تعزیتی مراسلہ جاری کرتے ہوئے ان کی قائدانہ صلاحیتوں، سعودی عرب اور امریکہ میں اردو ادب کے فروغ، پاکستانی کمیونٹی کی یکجہتی کے لیے ان کی مسلسل جدوجہد اور پاکستانی نژاد امریکی برادری کے لیے ان کی گراں قدر خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
امریکی رکن کانگریس کے بیان میں کہا گیا کہ ڈاکٹر ریاض چوہدری نے ادبی، تعلیمی اور سماجی سرگرمیوں کے ذریعے بے شمار افراد کی زندگیوں پر دیرپا اثرات چھوڑے اور ان کی خدمات کو ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھا جائے گا۔
عالمی حلقۂ فکر و فن کے صدر وقار نسیم وامق اور اراکین نے امریکی رکن کانگریس یوجین ونڈمین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اسے ڈاکٹر ریاض چوہدری کی نصف صدی پر محیط خدمات کا بین الاقوامی اعتراف قرار دیا اور کہا کہ ان کی شخصیت، کردار اور علمی ورثہ آئندہ نسلوں کے لیے مشعلِ راہ رہے گا۔











