جمعه,  04 اکتوبر 2024ء
وزیرِ اعظم شہباز شریف کا جمہوریت کے عالمی دن پرخصوصی پیغام، الیکٹرک وہیکلز کے فروغ کے لیےہدایات جاری

 

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے 15 ستمبر 2024 کو جمہوریت کے بین الاقوامی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ “آج دنیا بھر میں جمہوریت کا عالمی دن منایا جا رہا ہے، اور ہم انسانی معاشرے کی بنیادی قدر جمہوریت کی مضبوطی اور فروغ کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔” انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت آئینی اقدار، جمہوریت، قانون کی حکمرانی، اور انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے غیر متزلزل ہے۔وزیرِ اعظم نے جمہوری اقدار پر عملدرآمد کو قومی طرزِ عمل کی عکاسی قرار دیتے ہوئے عالمی معاشرے کے قیام کی کوششوں کو جاری رکھنے کا عزم کیا، جو منصفانہ، مساوی، اور جامع ہو۔

الیکٹرک وہیکلز پر اجلاس

وزیرِ اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت بجلی سے چلنے والی گاڑیوں کے استعمال کے فروغ کے حوالے سے اجلاس وزیرِ اعظم ہاؤس میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں وزیرِ اعظم نے کہا کہ “ملک میں بجلی سے چلنے والی گاڑیوں کے فروغ کے لیے حکومت ترجیحی اقدامات اٹھا رہی ہے۔” انہوں نے بتایا کہ بجلی سے چلنے والی گاڑیوں سے پیٹرول اور ڈیزل کی درآمد پر قیمتی زر مبادلہ کی بچت ہوگی اور یہ گاڑیاں ماحول دوست بھی ہوں گی۔

وزیرِ اعظم نے الیکٹرک وہیکلز کے لیے جامع فنانشل ماڈل پیش کرنے کی ہدایت کی اور وفاقی وزارت خزانہ اور اسٹیٹ بینک آف پاکستان سے مشاورت کی ہدایت کی۔ انہوں نے نومبر تک ای-وہیکلز پالیسی مکمل کرنے اور لائیسنز کے ضابطہ کار کو بہتر بنانے کی ہدایت دی۔ تمام صوبوں اور وفاقی اکائیوں سے ای-وہیکلز کی پالیسی پر مشاورت کی بھی ہدایت کی گئی۔

وزیرِ اعظم نے کہا کہ “لیپ ٹاپ اسکیم کی طرز پر سرکاری اسکولوں کے اچھی کارکردگی دکھانے والے طلباء کو ای-موٹر بائیکس تقسیم کی جائیں گی” اور آئندہ تمام وفاقی سرکاری اداروں کو صرف الیکٹرک موٹر بائیکس خریدنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی کو اسلام آباد میں بجلی پر چلنے والی پبلک ٹرانسپورٹ کے لیے جامع پلان ترتیب دینے کی ہدایت بھی کی۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ 2022 سے اب تک 2 اور 3 پہیوں والی الیکٹرک گاڑیوں کی تیاری کے لیے 49 لائسنس جاری کیے جا چکے ہیں، اور 4 پہیوں والی الیکٹرک گاڑیوں کا پہلا لائسنس ستمبر 2024 میں جاری کیا گیا ہے۔ مقامی سطح پر تیار کی گئی پہلی الیکٹرک کار دسمبر تک مارکیٹ میں آ جائے گی۔

اجلاس میں وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وفاقی وزیر صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین، وفاقی وزیر پاور اویس احمد خان لغاری، وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، وزیر مملکت برائے خزانہ و محصولات علی پرویز ملک، وزیراعظم کی کوآرڈینیٹر برائے موسمیاتی تبدیلی رومینہ خورشید عالم، وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر رانا احسان افضل اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔

مزید خبریں