جمعه,  03 مئی 2024ء
کراچی، کینسر اور دل کے امراض کی جعلی ادویات بنانے والا گروہ گرفتار

 

کراچی (روشن پاکستان نیوز)کراچی میں کینسر اور دل کے امراض کی جعلی ادویات بنانے والا گروہ پکڑا گیا۔

وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے)، اسٹیٹ بینک سرکل کراچی اور ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی کے عملے نے لائنز ایریا میں مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے انسانی جانوں سے کھیلنے والے سفاک گروہ کے 2 کارندوں کو گرفتار کرلیا۔

ملزمان سے بھاری مقدار میں جعلی اور غیر رجسٹرڈ ادویات برآمد کر لی گئی ہیں۔ ملزمان کے قبضے سے جعلی ادویات کی تیاری میں استعمال ہونے والی مشینیں اور آلات بھی برآمد ہوئے ہیں۔

حکام کے مطابق گرفتار ملزمان عبدالسعود فیصل اور محمد آصف اپنے گھر سے جعلی ادویات کے نمونے تیار، پیکنگ اور تیار کر رہے تھے جن میں 82 سے زائد مختلف اقسام کی ادویات اور کمپنیاں شامل ہیں۔

نقلی ادویات دل کی بیماری، کینسر، ذیابیطس، ہائی بلڈ پریشر اور دیگر بیماریوں میں استعمال ہوتی رہی ہیں۔ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ ملزمان کراچی کے پوش علاقوں کے میڈیکل اسٹورز پر جعلی ادویات فراہم کرتے تھے۔حکام کا کہنا ہے کہ دیگر ملوث ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

مزید خبریں

FOLLOW US

Copyright © 2024 Roshan Pakistan News