جمعرات,  28 مئی 2026ء
شناخت کے بغیر ڈاکٹر سے مسئلہ بیان کریں، مریضوں کیلیے بڑی سہولت متعارف

لاہور (روشن پاکستان نیوز) پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی نے اپنی ایپلی کیشن میں نفسیاتی مسائل سے بچاؤ کیلیے خصوصی سہولت متعارف کرائی ہے، جس کے ذریعے مریض شناخت کے بغیر بھی ماہرِ نفسیات (ڈاکٹر) سے مسئلہ بیان کرسکتے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق پی ایس سی اے نے ’نیکسٹ جین سیفٹی ایپ‘ میں ذہنی دباؤ اور ڈپریشن کے شکار افراد کے لیے خصوصی ‘گمنام چیٹ‘ اور کونسلنگ کی سہولت متعارف کرائی ہے۔

حکومت پنجاب کے مطابق اس سروس کا بنیادی مقصد شہریوں کی ذہنی صحت کی بحالی میں مدد کرنا اور انہیں تنہائی کی اذیت سے نکالنا ہے۔

اب ذہنی دباؤ اور ڈپریشن کے شکار افراد ’نیکسٹ جن سیفٹی ایپ‘کے ذریعے گمنام انداز میں ماہرِ نفسیات سے فوری رابطہ کرسکیں گے۔

جاری کردہ آگاہی مہم کے مطابق ’اینیونومسٹ چیٹ‘ فیچر کے ذریعے شہری اپنی شناخت ظاہر کیے بغیر ماہرِ نفسیات سے گفتگو کر سکتے ہیں۔ ایپ میں صارفین کو 24/7 نفسیاتی مدد، لائیو چیٹ، 15 کال، ویڈیو کال اور دیگر معاون خدمات بھی فراہم کی گئی ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ اس سہولت کا مقصد ذہنی دباؤ، ڈپریشن اور نفسیاتی مسائل کا سامنا کرنے والے افراد کو محفوظ، خفیہ اور فوری مدد فراہم کرنا ہے تاکہ وہ ماہرین سے بروقت رہنمائی حاصل کر سکیں۔

عوام کو مفت علاج کی فراہمی پیپلزپارٹی کی سیاست کا بنیادی مقصد ہے، بلاول بھٹو

ایپ میں نفسیاتی مدد کے علاوہ قانونی مشورہ، ہنگامی رابطہ اور دیگر حفاظتی سہولیات بھی شامل کی گئی ہیں، جبکہ صارفین اپنی شناخت خفیہ رکھتے ہوئے آزادانہ طور پر ماہرین سے بات کرسکتے ہیں۔

اس سلسلے میں حکومت پنجاب کا کہنا ہے کہ اگر آپ ڈپریشن یا ذہنی دباؤ کا شکار ہیں؟ تو خاموش مت رہیں بلکہ ہم سے بات کریں۔

سیف سٹی نیکسٹ جین سیفٹی ایپ کے اس خصوصی فیچر کے ذریعے ماہرِ نفسیات سے 24 رابطہ کریں، کیونکہ آپ کی ذہنی صحت ہمارے لیے اہم ہے کسی بھی پریشانی میں آپ اکیلے نہیں ہیں۔

مزید خبریں