راولپنڈی(روشن پاکستان نیوز) راولپنڈی پولیس نے 20 اگست کو مختلف کارروائیوں کے دوران بیرون ملک سے واپس آنے والے شہریوں کو لوٹنے والے 3 رکنی بین الاضلاعی گینگ سمیت متعدد ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
مورگاہ پولیس نے سی پی او حسن مشتاق سکھیرا کی خصوصی ہدایت پر کارروائی کرتے ہوئے گینگ کے قبضے سے ایک کروڑ 3 لاکھ روپے مالیت کے 22 موبائل فون، 15 لیپ ٹاپ، 100 ایئرپوڈز اور 100 گھڑیاں برآمد کرلیں۔ پولیس کے مطابق گینگ کا ہدف بیرون ملک سے وطن واپس آنے والے شہری تھے، جبکہ دیگر ساتھیوں اور سہولت کاروں کی گرفتاری کے لیے کارروائی جاری ہے۔
دوسری کارروائی میں پیرودھائی پولیس نے قتل، اقدام قتل اور ضرر کے مقدمے میں مئی 2025 سے مطلوب مرکزی اشتہاری کو گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق ملزم نے ساتھیوں کے ہمراہ فائرنگ کرکے ایک شہری کو قتل اور تین افراد کو زخمی کیا تھا۔
پشاور: سٹریٹ کرائم میں ملوث 2 ملزمان گرفتار، موبائل فونز اور نقدی برآمد
راولپنڈی پولیس نے منشیات کے خلاف کارروائیوں میں 3 سپلائرز کو گرفتار کرکے مجموعی طور پر 4 کلو 410 گرام چرس برآمد کی، جبکہ مختلف علاقوں میں کارروائیوں کے دوران 6 افراد کو گرفتار کرکے 18 لیٹر اور 26 بوتل شراب، اسلحہ اور ایمونیشن بھی برآمد کیا گیا۔
ادھر 12 ربیع الاول کے حوالے سے پولیس حکام نے میلاد کمیٹی، علما اور امن کمیٹی کے ارکان سے ملاقات کرکے جلوسوں کی سکیورٹی اور ٹریفک انتظامات پر تبادلہ خیال کیا۔ پولیس حکام نے امن و امان برقرار رکھنے اور سکیورٹی ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنانے کی یقین دہانی کرائی۔
راولپنڈی پولیس کی انسپکٹر ارم خانم نے آل پاکستان پاور لفٹنگ ڈیڈ لفٹ چیمپئن شپ میں دو گولڈ میڈلز جیت کر پولیس کا نام روشن کیا، جس پر سی پی او حسن مشتاق سکھیرا نے انہیں تعریفی سرٹیفکیٹ اور نقد انعام دیا۔
دریں اثنا ایس ایس پی انویسٹی گیشن سیف اللہ نے پولیس لائنز ہیڈکوارٹرز میں کھلی کچہری منعقد کی اور شہریوں کی شکایات سن کر متعلقہ افسران کو مقررہ وقت میں قانونی کارروائی مکمل کرنے کی ہدایت کی۔











