جمعرات,  20  اگست 2026ء
پشاور: سٹریٹ کرائم میں ملوث 2 ملزمان گرفتار، موبائل فونز اور نقدی برآمد

پشاور(کرائم رپورٹر) تھانہ گلبہار پولیس نے سٹریٹ کرائم، راہزنی اور شہریوں سے موبائل فونز و نقدی چھیننے کی وارداتوں میں مبینہ طور پر ملوث منظم سنیچرز گروہ کے دو ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

پولیس کے مطابق افسران بالا کی خصوصی ہدایات پر ضلع بھر میں سٹریٹ کرائم، موٹر سائیکل سنیچنگ، لفٹنگ اور دیگر سنگین جرائم میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ اسی سلسلے میں ایس پی فقیر آباد ڈویژن علی حمزہ بٹ کی ہدایت پر ڈی ایس پی گلبہار سرکل انعام اللہ کی نگرانی میں ایس ایچ او تھانہ گلبہار اصغر علی نے تفتیشی افسران اور دیگر پولیس اہلکاروں کے ہمراہ کارروائی کی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ جدید سائنسی خطوط پر تفتیش کے دوران سٹریٹ کرائم کی مختلف وارداتوں میں ملوث ملزمان کا سراغ لگایا گیا، جس کے بعد کارروائی کرتے ہوئے حزب اللہ ولد بہادر، سکنہ دورہ چوک، اور طارق ولد محمد، سکنہ چیرمین دفتر کو گرفتار کرلیا گیا۔

راولپنڈی پولیس کا جرائم کے خلاف کریک ڈاؤن، منشیات سمیت مختلف مقدمات میں کارروائیاں

پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کا تعلق ایک منظم سنیچرز گروہ سے ہے، جو گلبہار اور پھندو کے مختلف علاقوں میں مبینہ طور پر اسلحے کی نوک پر شہریوں سے قیمتی موبائل فونز اور نقد رقم چھیننے میں ملوث تھے۔ متاثرہ شہریوں کی جانب سے تھانہ گلبہار میں راہزنی کی رپورٹس درج کرائی گئی تھیں، جن پر مقدمات درج کرکے تفتیش شروع کی گئی تھی۔

کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے 3 قیمتی موبائل فونز اور 50 ہزار روپے نقد رقم بھی برآمد کرلی گئی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے جبکہ ان کے دیگر ساتھیوں اور ممکنہ وارداتوں کے حوالے سے بھی معلومات حاصل کی جا رہی ہیں۔

مزید خبریں