راولپنڈی(روشن پاکستان نیوز) سی پی او حسن مشتاق سکھیرا کی ہدایات پر راولپنڈی پولیس نے منشیات فروشوں، ناجائز اسلحہ رکھنے والوں اور دیگر جرائم میں ملوث ملزمان کے خلاف کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔ پولیس کے مطابق مختلف کارروائیوں میں بین الاضلاعی منشیات اسمگلر سمیت 4 منشیات سپلائرز کو گرفتار کرکے 16 کلو سے زائد چرس برآمد کی گئی۔
سول لائنز پولیس نے مبینہ بین الاضلاعی منشیات اسمگلر کو گرفتار کرکے 10 کلو 800 گرام چرس برآمد کی۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزم نے تعلیمی اداروں سمیت شہر کے مختلف علاقوں میں منشیات سپلائی کرنے کا انکشاف کیا ہے۔
نصیر آباد پولیس نے ایک ملزم سے 2 کلو 200 گرام، واہ کینٹ پولیس نے 1 کلو 800 گرام جبکہ گوجرخان پولیس نے 1 کلو 600 گرام چرس برآمد کی۔ گرفتار ملزمان کے خلاف الگ الگ مقدمات درج کرلیے گئے ہیں۔
دوسری جانب صدر واہ پولیس نے محنت کش لڑکی کو مبینہ طور پر اغوا کرکے زیادتی کرنے والے مرکزی ملزم کو گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق مقدمہ مدعیہ کے بیان پر درج کیا گیا جبکہ واقعے میں ملوث دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ ایس پی پوٹھوہار چوہدری اثر علی نے کہا کہ ملزم کو ٹھوس شواہد کے ساتھ عدالت میں چالان کیا جائے گا۔
کراچی میں 22کروڑ روپےکی واردات کرنیوالے 2 ملزمان لاہور سےگرفتار
راولپنڈی پولیس نے مختلف تھانوں کی حدود میں کارروائی کرتے ہوئے 6 افراد کو گرفتار کرکے 23 لیٹر شراب اور اسلحہ و ایمونیشن بھی برآمد کیا۔ پولیس کے مطابق کارروائیاں سٹی، گنجمنڈی، وارث خان، ویسٹریج، ریس کورس اور گوجرخان کے علاقوں میں کی گئیں۔
ادھر ایس ایس پی انویسٹی گیشن سیف اللہ نے چارج سنبھالنے کے بعد پولیس لائنز ہیڈکوارٹرز میں تعارفی اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں سی پی او آفس کے برانچ ہیڈز نے شرکت کی۔ ایس ایس پی انویسٹی گیشن نے ہدایت کی کہ تھانوں اور دفاتر میں پبلک سروس ڈیلیوری بہتر بنائی جائے، سنگین مقدمات میں ملوث ملزمان کی گرفتاری یقینی بنائی جائے اور زیرِ تفتیش مقدمات کو میرٹ اور اصل حقائق کی بنیاد پر جلد نمٹایا جائے۔
انہوں نے اشتہاری مجرمان اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف بھی بھرپور کارروائی اور مؤثر تفتیش کے ذریعے ملزمان کو سزائیں دلوانے کی ہدایت کی۔
اسی دوران راولپنڈی پولیس کی مؤثر پیروی کے نتیجے میں عدالت نے منشیات کے ایک مقدمے میں مجرم اسماعیل کو 9 سال قید اور 80 ہزار روپے جرمانے کی سزا سنا دی۔ پولیس کے مطابق مجرم کو مئی 2026 میں پیرودھائی پولیس نے 1 کلو 600 گرام چرس برآمد ہونے پر گرفتار کیا تھا۔
ادھر ایس پی سکیورٹی اصغر علی گورائیہ نے پولیس لائنز ہیڈکوارٹرز میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا، جہاں انہوں نے شہریوں کی شکایات سنیں اور متعلقہ افسران کو ان کے حل کے لیے احکامات جاری کیے۔ ایس پی سکیورٹی نے ہدایت کی کہ شہریوں کی جانب سے دی گئی درخواستوں پر مقررہ مدت کے اندر قانونی کارروائی یقینی بنائی جائے اور عوامی مسائل کے حل میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔
راولپنڈی پولیس حکام کے مطابق شہریوں کے جان و مال کے تحفظ، منشیات کے خاتمے، جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائی اور بہتر عوامی خدمت کے لیے کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔











