اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) انسدادِ منشیات فورس (اے این ایف) نے ملک کے مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف کامیاب کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 8 مختلف کارروائیوں میں 8 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ کارروائیوں کے دوران 68 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی مجموعی طور پر 79.154 کلوگرام منشیات برآمد کی گئی۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر جدہ جانے والے ایک مسافر کے بیگ میں جذب کیے گئے مواد اور جوتوں سے 3.2 کلوگرام آئس برآمد کر کے ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔ اسی طرح ایک اور کارروائی میں کویت جانے والے مسافر کے بیگ سے 1.124 کلوگرام آئس برآمد ہوئی، جس پر ملزم کو حراست میں لے لیا گیا۔
کوئٹہ میں خائی زئی چوک کے قریب ایک گاڑی سے 18 کلوگرام چرس برآمد کر کے ایک ملزم کو گرفتار کیا گیا، جبکہ جبل نور کے علاقے میں ایک ملزم کے قبضے سے مزید 12 کلوگرام چرس برآمد ہوئی۔
سکھر میں شکارپور روڈ کے قریب ایک مسافر کے قبضے میں موجود ڈرم سے 22.8 کلوگرام چرس برآمد کی گئی، جبکہ پشاور کی یونیورسٹی روڈ پر موٹر سائیکل سوار ایک ملزم سے 3 کلوگرام چرس قبضے میں لی گئی۔
اے این ایف کا منشیات اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن، 10 ملزمان گرفتار
سیالکوٹ میں بس ٹرمینل کے قریب کارروائی کے دوران دو ملزمان کے قبضے سے 630 گرام چرس اور 400 گرام آئس برآمد کی گئی۔ علاوہ ازیں کراچی کے ایک کوریئر آفس میں موجود پارسل سے 18 کلوگرام چرس بھی برآمد کر لی گئی۔
اے این ایف کے مطابق تمام کارروائیوں کے بعد ملزمان کے خلاف انسدادِ منشیات ایکٹ 1997 کے تحت مقدمات درج کر لیے گئے ہیں، جبکہ مزید تحقیقات جاری ہیں۔











