جمعرات,  09 جولائی 2026ء
راولپنڈی پولیس کی جرائم کے خلاف مؤثر کارروائیاں، متعدد ملزمان گرفتار، اسلحہ، منشیات اور مسروقہ سامان برآمد

راولپنڈی(کرائم رپورٹر) راولپنڈی پولیس نے جرائم کی روک تھام، شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور امن و امان کے قیام کے لیے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے متعدد ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق منشیات، ناجائز اسلحہ، ڈکیتی، جعلسازی، قمار بازی اور دیگر جرائم میں ملوث افراد کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔

ایس ایس پی آپریشنز ملک طارق محبوب نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال جا کر زخمی اے ایس آئی محمد حفیظ کی عیادت کی، جو ڈکیتی کے مقدمے میں ملوث خطرناک ڈاکو کی فائرنگ سے زخمی ہوئے تھے۔ ایس ایس پی آپریشنز نے ڈاکٹرز سے علاج معالجے کے حوالے سے بریفنگ لی اور بہترین طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

ریس کورس پولیس نے خود کو پرائس مجسٹریٹ ظاہر کرکے ہوٹل مالکان سے رقم طلب کرنے والے جعلساز کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق ملزم مختلف ہوٹلوں پر جا کر اپنا تعارف سرکاری افسر کے طور پر کرواتا تھا، تاہم ثبوت پیش نہ کرنے پر اسے گرفتار کرکے مقدمہ درج کر لیا گیا۔

راولپنڈی پولیس نے منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیوں کے دوران دو ملزمان کو گرفتار کرکے ساڑھے 3 کلو گرام سے زائد چرس برآمد کر لی۔ ائیرپورٹ پولیس نے 2 کلو 400 گرام جبکہ وارث خان پولیس نے 1 کلو 260 گرام چرس برآمد کی۔

پولیس نے مختلف تھانوں کی حدود میں کارروائیاں کرتے ہوئے 8 افراد کو گرفتار کرکے 40 لیٹر شراب، ناجائز اسلحہ اور ایمونیشن بھی برآمد کیا۔ حکام کے مطابق منشیات اور غیر قانونی اسلحہ رکھنے والوں کے خلاف آپریشن جاری رہے گا۔

ڈکیتی اور چوری کی وارداتوں میں ملوث گینگز کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے دو گینگز کے تین ملزمان گرفتار کیے گئے۔ پولیس نے ملزمان سے 67 ہزار روپے مسروقہ رقم اور وارداتوں میں استعمال ہونے والا اسلحہ برآمد کیا۔

تھانہ کہوٹہ پولیس نے 6 سالہ بچے سے زیادتی کے الزام میں پڑوسی ملزم کو گرفتار کر لیا، جبکہ وارث خان پولیس نے 9 سالہ بچی سے نازیبا حرکات کرنے والے شخص کو حراست میں لے لیا۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ خواتین اور بچوں کے خلاف جرائم کسی صورت برداشت نہیں کیے جائیں گے۔

تھانہ کھنہ پولیس کا گرینڈ کریک ڈاؤن، آئس فروش اور ناجائز اسلحہ بردار گرفتار

ایس ایس پی انوسٹیگیشن ناصر علی خان نے پولیس لائنز ہیڈکوارٹرز میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا، جہاں شہریوں کی شکایات سن کر متعلقہ افسران کو فوری کارروائی کی ہدایات جاری کیں۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں پریکٹس سیشن کے دوران راولپنڈی پولیس نے سیکیورٹی اور ٹریفک کے مؤثر انتظامات کیے۔ پولیس افسران نے موقع پر موجود رہ کر انتظامات کی نگرانی کی جبکہ ایلیٹ فورس، ڈولفن اسکواڈ اور ٹریفک پولیس اہلکار فرائض انجام دیتے رہے۔

دوسری جانب راولپنڈی پولیس کی مؤثر پیروی کے نتیجے میں لین دین کے تنازع پر شہری کو قتل کرنے والے مجرم عبدالمعیز کو عدالت نے سزائے موت اور 10 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنا دی۔ پولیس کے مطابق مقدمہ فروری 2024 میں تھانہ پیرودھائی میں درج کیا گیا تھا۔

راولپنڈی پولیس حکام کا کہنا ہے کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں بلا تفریق جاری رہیں گی اور شہریوں کے جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے۔

مزید خبریں