جمعرات,  12 دسمبر 2024ء
سی پی او راولپنڈی سید خالد ہمدانی کا شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ، سیکورٹی انتظامات کا جائزہ

راولپنڈی(روشن پاکستان نیوز) سٹی پولیس آفیسر سید خالد ہمدانی نے راولپنڈی شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور سیکورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر ایس ایس پی آپریشنز، ڈویژنل ایس پیز، ایس ڈی پی اوز اور دیگر اعلیٰ افسران بھی سی پی او کے ہمراہ موجود تھے۔ افسران نے سی پی او کو شہر میں سیکورٹی انتظامات کے بارے میں بریفنگ دی اور اُسے مزید مؤثر بنانے کے لیے اہم تجاویز پیش کیں۔

سی پی او سید خالد ہمدانی نے پولیس افسران اور اہلکاروں کو الرٹ رہ کر اپنے فرائض سرانجام دینے کی اہم ہدایات دیں۔ انہوں نے کہا کہ شہر میں امن و امان کی صورتحال کو یقینی بنانے کے لیے 6000 سے زائد پولیس افسران و اہلکار اپنی ڈیوٹی پر موجود ہیں۔ تمام سینئر افسران فیلڈ میں رہ کر ڈیوٹی کو چیک اور بریف کر رہے ہیں۔

سی پی او نے مزید کہا کہ امن و امان میں خلل ڈالنے یا قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر قانونی کارروائی کی جائے گی اور شہریوں کی جان و مال کی حفاظت پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ راولپنڈی پولیس کی ترجیح شہریوں کی حفاظت ہے اور کسی بھی غیر قانونی سرگرمی یا اشتعال انگیزی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ سی پی او سید خالد ہمدانی کا کہنا تھا کہ قانون کی بالادستی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔

مزید پڑھیں: پنجاب میں اس وقت کوئی ریلی نہیں نکلی ،ڈی چوک آنے والوں کو گرفتار کرینگے،وفاقی وزیر داخلہ

ترجمان راولپنڈی پولیس کے مطابق، شہریوں کو ہر ممکن تحفظ فراہم کرنے کے لیے پولیس کی کارروائیاں جاری رہیں گی۔

مزید خبریں