حافظ آباد (شوکت علی وٹو): ڈپٹی کمشنر حافظ آباد عبدالرزاق اور ڈی پی او فواد احمد نے حضرت امام حسینؓ اور شہدائے کربلا کے چہلم کے سلسلے میں نکالے جانے والے مرکزی جلوس اور مجالس کے مقامات کا دورہ کیا اور سکیورٹی سمیت تمام انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔
اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر نرجس خاتون جعفری، چیف آفیسر میونسپل کمیٹی اکرام اللہ سندھو اور دیگر متعلقہ افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔ ڈپٹی کمشنر نے مین بازار، فوارہ چوک، جلالپور روڈ اور جلوس کے دیگر روٹس کا معائنہ کرتے ہوئے سی سی ٹی وی کیمروں، سکیورٹی انتظامات، سبیلوں، طبی امداد، ریسکیو 1122، صفائی ستھرائی اور میونسپل سروسز کے کیمپوں کا جائزہ لیا۔
فوارہ چوک میں منعقدہ مجلس کے مقام پر بھی ضلعی انتظامیہ، محکمہ صحت، سول ڈیفنس، ریسکیو 1122 اور دیگر اداروں کی جانب سے کیے گئے انتظامات کا معائنہ کیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر عبدالرزاق نے ہدایت کی کہ تمام متعلقہ اہلکار جلوس اور مجالس کے اختتام تک اپنی ڈیوٹی پر موجود رہیں اور فرائض کی انجام دہی میں کسی بھی قسم کی غفلت یا لاپروائی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔











