اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) امامِ ہشتم، شہنشاہِ خراسان حضرت امام علی رضاؑ کا 1227واں یومِ شہادت 11 مئی کو دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جائے گا۔
اس موقع پر ملک بھر کی مساجد، امام بارگاہوں اور اولیاء اللہ کے آستانوں پر خصوصی محافل، مجالس اور دعائیہ تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا، جہاں علماء، مشائخ اور دینی اسکالرز حضرت امام علی رضاؑ کی حیاتِ مبارکہ، علمی خدمات، کردار اور انسانیت کے لیے آپؑ کی تعلیمات پر روشنی ڈالیں گے۔
مرکزی امام حسین کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر غضنفر مہدی نے اپنے بیان میں کہا کہ یومِ شہادت کے سلسلے میں خصوصی انتظامات کیے جا رہے ہیں تاکہ عقیدت مند بھرپور انداز میں تقریبات میں شرکت کر سکیں۔
انہوں نے کہا کہ حضرت امام علی رضاؑ کی تعلیمات امتِ مسلمہ کے لیے اتحاد، برداشت، علم اور انسان دوستی کا عظیم پیغام ہیں، جن پر عمل کر کے معاشرے میں امن و بھائی چارے کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔











