اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) خادمِ حضرت بری امام سرکار بابا کل سرکار مانسہ شریف، پیر راجہ سرفراز اکرم نے کہا ہے کہ پاک فوج نے معرکۂ حق میں بھارت کی جارحیت کا صرف 4 گھنٹوں میں مؤثر اور دندان شکن جواب دے کر دشمن کو شکست سے دوچار کر دیا۔
بری امام ہاؤس اسلام آباد میں “آپریشن بنیان المرصوص، معرکۂ حق” کے حوالے سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت نے رات کی تاریکی میں مدرسے کے معصوم حافظِ قرآن بچوں پر حملے کیے، تاہم پاک فوج نے بہادری اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے دشمن کے عزائم ناکام بنا دیے۔
پیر راجہ سرفراز اکرم نے کہا کہ سپہ سالار فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں افواجِ پاکستان نے قوم کو متحد کیا اور دنیا کو واضح پیغام دیا کہ پاکستانی قوم اور فوج ایک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے شہداء پر فخر ہے جنہوں نے وطن کے دفاع کے لیے قربانیاں دیں۔
انہوں نے مزید اعلان کیا کہ معرکۂ حق کی کامیابی کی خوشی میں 9 مئی کو “بنیان المرصوص ریلی” کا انعقاد کیا جائے گا۔ انہوں نے تاجروں، سماجی و سیاسی تنظیموں اور عوام سے اپیل کی کہ وہ افواجِ پاکستان کے ساتھ بھرپور اظہارِ یکجہتی کریں اور ریلیوں میں شرکت کریں۔











