اسلام آباد (سدھیرکیانی) ہلال احمر پاکستان کی جانب سے سیلاب متاثرہ گھرانوں کو ذرائع معاش کی فراہمی کا عہد پورا کرتے ہوئے سیلاب متاثرہ اضلاع خیرپور اور شکار پور کے متاثرین کو لوڈر رکشوں کی فراہمی کر دی گئی ، ہلال احمر پاکستان کے چیئرمین سردار شاہد احمد لغاری کے پیغام میں کہا گیا کہ باعزت روزگار کی فراہمی کے لیے ہلال احمر نے عہد پورا کیا۔ہم نے سیلاب کو دو سال گزرنے کے باوجود متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑا۔ہمیں انسانیت کی بقا اور بھلائی عزیز ہے۔
سیلاب متاثرین کی خدمت فرض سمجھ کر نبھائی ہے اور یہ سلسلہ جاری ہے۔ لوڈر رکشوں کی تقریب تقسیم کے موقع پر سیکرٹری جنرل ہلال احمر پاکستان عبید اللہ خان کا کہنا تھا کہ ہلال احمر پاکستان نے سیلاب متاثرین کو ہر ممکن مدد فراہم کی ہے۔انہوں نے کہا کہ باعزت روزگار کے مواقع سے مستفید ہونے والے اپنے گھرانے کی بہتر کفالت کر سکیں گے ۔ہم سردار شاہد احمد لغاری کی قیادت میں آفات و سانحات کے متاثرین کی خدمت جاری رکھیں گے 28 لاکھ سے زاید سیلاب متاثرہ گھرانوں کی مختلف مدوں میں خدمت کا اعزاز صرف ہلال احمر کو حاصل ہے۔
شکارپور میں تقریب تقسیم بے نظیر بھٹو پارک میں منعقد ہوئی ۔جب کہ خیرپور کے سیلاب متاثرین کے لیے تقریب کا انعقاد ممتاز گارڈن میں کیا گیا۔اسسٹنٹ کمشنر خیر پور غلام نبی سولنگی ،انٹرنیشنل فیڈریشن آف ریڈ کراس کے فیلڈ منیجر کامران کاشف اور سیف جمالی نے مستفید کنندگان میں لوڈر رکشوں کے سرٹیفیکیٹ اور چابیاں تقسیم کیں۔ مستفید کنندگان کا کہنا تھا کہ ہلال احمر پاکستان نے لوڈر رکشے دے کر ہمارے مسائل میں کمی کی ہے۔اب باعزت روزگار سے اپنے گھرانے کی بہتر کفالت سکیں گے ۔