امریکا (روشن پاکستان نیوز) : فیفا ورلڈ کپ 2026 کا پہلا مرحلہ اختتام پذیر ہو گیا اور 32 ٹیموں نے اگلے ناک آؤٹ مرحلے میں قدم رکھ لیا جب کہ 16 باہر ہو گئیں۔
دنیا کے مقبول ترین فٹبال کے عالمی کپ کا پہلا مرحلہ اختتام پذیر ہو گیا۔ 48 میں سے 32 ٹیمیں اگلے ناک آؤٹ مرحلے میں پہنچ گئیں، جب کہ 16 ٹیموں کا سفر ٹورنامنٹ میں تمام ہو گیا۔
گروپ اے سے میکسیکو اور جنوبی افریقہ کی ٹیمیں راؤنڈ آف 32 میں پہنچیں۔ گروپ اسٹیج میں میکسیکو نا قابل شکست رہی اور تینوں میچز جیتے۔ جنوبی افریقہ نے تین میں سے ایک میچ جیتا، ایک ہارا اور ایک برابر کھیلا۔
گروپ بی میں سے سوئٹزرلینڈ، کینیڈا اور بوسنیا نے ناک آؤٹ مرحلے کا ٹکٹ کٹوایا جب کہ گروپ سی میں سے برازیل اور مراکش نے اگلے مرحلے میں پہنچنے کے لیے قدم آگے بڑھائے۔
گروپ ڈی میں میزبان امریکا اور آسٹریلیا کے علاوہ پیراگوئے نے بھی ناک آؤٹ مرحلے راؤنڈ آف 32 کے لیے کوالیفائی کر لیا جب کہ گروپ ای میں سے جرمنی، آئیوری کوسٹ اور ایکواڈور نے اگلے مرحلے میں رسائی حاصل کی۔
فیفا ورلڈکپ: آسٹریا 72 سال میں پہلی مرتبہ ناک آؤٹ راؤنڈ میں پہنچ گیا، ایران ورلڈکپ سے باہر
گروپ ایف میں سے تین ٹیموں نیدرلینڈز، جاپان اور سویڈن اگلے مرحلے میں پہنچیں جب کہ گروپ جی میں بیلجیم اور مصر نے راؤنڈ آف 32 میں رسائی حاصل کی۔
گروپ ایچ میں سے اسپین اور کیب ورڈے جب کہ گروپ آئی سے فرانس، ناروے اور سینیگال نے اگلے مرحلے میں اپنی سیٹ پکی کی۔
گروپ جے میں دفاعی چیمپئن ارجنٹینا نے پہلے راؤنڈ میں نا قابل شکست رہتے ہوئے اگلے مرحلے میں جگہ بنائی جب کہ اسی گروپ سے آسٹریا اور الجیریا آگے آئیں۔
گروپ کے میں سے کولمبیا، پرتگال اور کانگو راؤنڈ آف 32 میں داخل ہوئیں جب کہ گروپ ایل سے انگلینڈ، کروشیا اور گھانا نے اگلے مرحلے تک رسائی حاصل کی۔
پہلے مرحلے میں ہی جن ٹیموں کا ورلڈ کپ ختم ہوا ان میں، جمہوریہ چیک، جنوبی کوریا، قطر، اسکاٹ لینڈ، ہیٹی، ترکیہ، کوراکوئے، تیونس، ایران، نیوزی لینڈ، یوراگوئے، سعودی عرب، عراق، مصر، ازبکستان، پاناما کی ٹیمیں شامل ہیں۔











