اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) پاکستان کرکٹ ٹیم دورہ ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ میں 4 فاسٹ بولرز اور ایک فاسٹ بولنگ آل راؤنڈر کے ساتھ منتخب ہوگئی، ٹیم منیجمنٹ اور سلیکشن کمیٹی نے اس حوالے سے حتمی فیصلہ کرلیا ہے۔
فاسٹ بولرز میں محمد علی، محمد عباس، خرم شہزاد اور عبید شاہ جب کہ آل راؤنڈر میں عامر جمال کے نام قرعہ فال نکلا ہے۔
دورہ بنگلا دیش میں منتخب ہونے والے شاہین شاہ آفریدی ،حسن علی اور حماد بٹ ڈراپ ہوگئے ہیں ۔
20 سال کے دائیں ہاتھ کے تیز بولر عبید شاہ جن کا تعلق لوئر دیر سے ہے، جنہوں نے 16فرسٹ کلاس میچوں میں 25.20 کی اوسط سے 72 وکٹیں حاصل کی ہیں، پہلی بار پاکستان کرکٹ ٹیم کے لیے منتخب ہوئے ہیں، عبید شاہ پاکستان کے ٹیسٹ فاسٹ بولر نسیم شاہ کے بھائی ہیں ۔
36 سال کے محمد عباس جنہوں نے 29 ٹیسٹ میں 23.23 کی اوسط سے 110وکٹ لی ہیں، اسکواڈ میں شامل سب سے تجربےکار بولر ہیں۔
ستمبر 2024 میں بنگلا دیش کے خلاف راولپنڈی میں اپنا آخری ٹیسٹ کھیلنے والے دائیں ہاتھ کے تیز بولر 33 سال کے محمد علی جنہوں نے 4 ٹیسٹ میں 66.67 کی اوسط سے 6 وکٹ لی ہیں، ان کی ٹیم میں واپسی ہو رہی ہے۔
دورہ ویسٹ انڈیز اورانگلینڈ سے قبل اہم کرکٹرز انجری کا شکار
منڈی بہاؤ الدین کے 26 سال کے تیز بولر خرم شہزاد جنہوں نے 7 ٹیسٹ میں 27.39 کی اوسط سے 28 آؤٹ کیے، قومی ٹیم میں شامل چوتھے مستند فاسٹ بولر ہیں ۔
آل راؤنڈر عامر جمال جنہوں نے آخری ٹیسٹ جنوری 2025 میں جنوبی افریقا کے خلاف کیپ ٹاؤن میں کھیلا تھا، ان کی قومی ٹیم میں واپسی ہو رہی ہے۔
میانوالی سے تعلق رکھنے عامر جمال نے پاکستان کے لیے 8 ٹیسٹ میں 352 رنز اسکور کرنے کے ساتھ 21 وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں۔











