اسلام آباد(راجہ اسرار حسین)فیڈرل ایمپلائز کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی میں بدعنوانی،جعل سازی اور غیر قانونی کمرشلائزیشن ثابت،اسسٹنٹ کمشنر صدر کی انکوائری رپورٹ نے سوسائٹی کے بڑے بڑے کرپٹ مافیا کا پول کھول دیا ہے۔دستیاب دستاویزات کے مطابق اسلام آباد میں واقع فیڈرل ایمپلائز کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی (FECHS) جناح گارڈن کی موجودہ و سابقہ مینجمنٹ کمیٹی کے خلاف بدعنوانی،اختیارات کے ناجائز استعمال،سوسائٹی فنڈز کو نقصان پہنچانے اور سی ڈی اے بائی لاز کی خلاف ورزی کے الزامات پر ہونے والی سرکاری انکوائری مکمل ہو گئی ہے۔انکوائری آفیسر اسسٹنٹ کمشنر (صدر) اسلام آباد نے اپنی رپورٹ میں متعدد سنگین الزامات کو ثابت قرار دے دیا ہے۔دستاویزات کے مطابق رپورٹ 7 اپریل 2026 کو ڈپٹی کمشنر / رجسٹرار کوآپریٹو آئی سی ٹی اسلام آباد کو ارسال کی گئی انکوائری کاشف احمد خان کی اکتوبر 2024 میں دائر کردہ شکایت پر شروع ہوئی۔دستیاب انکوائری رپورٹ کے مطابق انکوائری 22 اگست 2022 کو نوٹیفائی ہونے والی مینجمنٹ کمیٹی کے خلاف ہوئی جو 5 جنوری 2026 تک عہدے پر رہی اس کمیٹی میں صدر خالد محمود (بعد میں مستعفی)،نائب صدر-I ضیاء شاہد ملک (بعد میں مستعفی)،نائب صدر-II کرامت علی،سیکرٹری واجد نسیم احمد،جوائنٹ سیکرٹری-I ذیشان جاوید،جوائنٹ سیکرٹری-II سردار الطاف حسین،فنانس سیکرٹری محمد عرفان طارق،اسسٹنٹ فنانس سیکرٹری شہزاد محمود،ایگزیکٹو ممبران محسن علی،سید رجب علی شاہ کاظمی،تیمور علی،مبارک علی اور آصف اقبال شامل ہیں۔دستیاب دستاویزات کے مطابق انکوائری آفیسر کو 18 اکتوبر 2024 کے نوٹیفکیشن کے تحت مقرر کیا گیا ابتدائی کارروائی ان کے پیشرو نے کی جبکہ 27 مارچ 2025 کو موجودہ اسسٹنٹ کمشنر (صدر) نے چارج سنبھال کر کارروائی مکمل کی۔انکوائری رپورٹ دستاویزات کے مطابق شکایت میں مجموعی طور پر 11 بنیادی الزامات کی تحقیقات کی گئیں جن میں رہائشی پلاٹوں کو کمرشل میں تبدیل کرنا،جعلی اور بیک ڈیٹ (Antedate) خطوط جاری کرنا،پی پی آر اے رولز اور سی ڈی اے ریگولیشنز کی خلاف ورزی کرتے ہوئے کمرشل پلاٹ بنانا اور الاٹ کرنا،ایمینٹی پلاٹوں کو رہائشی پلاٹوں میں تبدیل کرنا،اے جی ایم اور سی ڈی اے کی منظوری کے بغیر FECHS کی زمین نیول اینکریج کو منتقل کرنا،اسلام آباد ہائیکورٹ کے احکامات اور سنیارٹی لسٹ کی خلاف ورزی،نالے کے ROW کو کم کر کے تجاوزات کرنا،سوسائٹی فنڈ اور قومی خزانے کو نقصان پہنچانا،رہائشی پلاٹوں و مکانات کا مینجمنٹ کمیٹی کی ملی بھگت سے کمرشل استعمال،ممبران کو پارکوں اور دیگر سہولیات کی فراہمی میں دھوکہ دینا،پلاٹوں کی غیر قانونی ری نمبرنگ شامل ہیں۔انکوائری رپورٹ کے مطابق مینجمنٹ کمیٹی نے پہلے تحریری جواب میں اس تبدیلی سے انکار کیا بعد میں ایک جواب میں ایک پلاٹ کی تبدیلی تسلیم کی جبکہ 16 دسمبر 2025 کو پیشی کے دوران سیکرٹری FECHS واجد نسیم نے خود تسلیم کیا کہ 7 رہائشی پلاٹوں کو کمرشل کیا گیا تاکہ سی ڈی اے کو LOP کی منظوری کی فیس ادا کی جا سکے۔انکوائری آفیسر نے قرار دیا کہ سی ڈی اے اور اسٹیک ہولڈرز کی پیشگی منظوری کے بغیر رہائشی پلاٹ کو کمرشل میں تبدیل کرنے کا کمیٹی کو کوئی اختیار نہیں تھا۔ریوائزڈ موڈیلٹیز اینڈ پروسیجر 2020 کی شق 10(iv) کے تحت منظور شدہ لے آؤٹ پلان میں تبدیلی صرف اسٹیک ہولڈرز کی رضامندی اور اخبارات میں پبلک نوٹس کے بعد ممکن ہے جو اس کیس میں نہیں کیا گیا۔انکوائری رپورٹ میں یہ بھی درج ہے کہ بلاک-F میں 20,000 مربع گز زمین جو رہائشی اپارٹمنٹ کے لیے مختص تھی اسے بھی کمرشل پلاٹوں میں تبدیل کر دیا گیا اور گندھارا بلاک کا کمرشل پلاٹ نمبر 10 اسی زمین پر بنا کر الاٹ کیا گیا اسی طرح شاہین روڈ پر رہائشی پلاٹ نمبر 9 اور 10 کی جگہ کمرشل پلاٹ نمبر 83-A، 90، 91 اور 88 بنا دیے گئے جبکہ ان پلاٹوں کے پوزیشن لیٹرز اور ایز بلٹ LOP میں واضح تضاد پایا گیا، جس سے پلاٹوں کی ری نمبرنگ اور منتقلی کا معاملہ بھی سامنے آیا.اس ضمن میں انکوائری رپورٹ پر عملدرآمد کے حوالے سے ایف ای سی ایچ ایس جناح گارڈن کے سیکرٹری واجد نسیم ساہی سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ انکوائری رپورٹ میں ہمارا موقف نہیں لیا گیا جس کے باعث عدالت میں چیلنج کر دیا ہے جس کا فیصلہ آنا ابھی باقی ہے۔











