واشنگٹن(روشن پاکستان نیوز) امریکا کے دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی میں فائرنگ کے واقعے میں ایک شخص ہلاک جب کہ چار زخمی ہوگئے ہیں۔ پولیس کے مطابق مشتبہ حملہ آور نے خود کو گولی مار لی ہے۔
خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق فائرنگ کا واقعہ وائٹ ہاؤس سے لگ بھگ ڈیڑھ کلومیٹر دور لوگن سرکل میں پیش آیا ہے۔ فائرنگ کے بعد پولیس نے علاقے کا محاصرہ کرلیا جب کہ مشتبہ شخص نے قریبی عمارت میں پناہ لے لی۔
میٹروپولیٹن پولیس ڈیپارٹمنٹ کے قائم مقام سربراہ جیفری کیرل کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے واقعے میں ایک متاثرہ شخص ہلاک ہوا ہے۔
ٹر مپ کو غیر قانونی احکامات سے کیسے روکیں، پینٹاگون میں غور وفکر شروع
ان کے بقول عمارت میں پناہ لینے والے مشتبہ شخص نے خود کو گولی مار لی۔ قائم مقام پولیس چیف کے مطابق بظاہر اس شخص کا عمارت کی ہوم اونرز ایسوسی ایشن کے ساتھ کسی معاملے پر تنازع چل رہا تھا۔
اس سے قبل میٹروپولیٹن پولیس ڈیپارٹمنٹ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر پوسٹ کیا تھا کہ پولیس شمال مغربی واشنگٹن ڈی سی کی 15ویں اور پی اسٹریٹ کے علاقے میں جاری فائرنگ کے مقام پر موجود ہے۔
پولیس کا کہنا تھا کہ ایمرجنسی رسپانس ٹیم بھی جائے وقوعہ پر موجود ہے۔ پولیس نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ اس علاقے میں جانے سے گریز کریں۔











