بدھ,  11 نومبر 2026ء
اسلام آباد ہائیکورٹ کا 154 متاثرین کو ایک ہفتے میں پلاٹوں کا قبضہ دینے کا حکم، رجسٹرار آفس کو درخواستیں ترجیحی بنیادوں پر نمٹانے کی ہدایت

اسلام آباد(راجہ اسرار حسین)اسلام آباد ہائیکورٹ میں تاریخی عدالتی پیش رفت،متاثرین فیڈرل ایمپلائیز کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی اور نیشنل اسمبلی کوآپریٹیو ہاوسنگ سوسائٹی متاثرین کے لیے بڑی کامیابی،154 متاثرین کو ایک ہفتہ میں پلاٹ کا قبضہ دینے کا حکم جاری کرتے ہوئے باقی متاثرین کو سرکل رجسٹرار دفتر سے رابطہ کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہیں اور سرکل رجسٹرار کو تمام مصروفیات چھوڑ کر متاثرین کی درخواستیں ترجیحی بنیادوں پر نمٹانے کی ہدایات بھی جاری کر دی ہیں۔بدھ کے روز اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس ارباب محمد طاہر کی عدالت نے فیڈرل ایمپلائز کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی (FECHS) اور نیشنل اسمبلی ایمپلائز کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی (NASECHS) اسلام آباد کے متاثرین کے کیس کی سماعت کی تو اس موقع پر متاثرین کی کثیر تعداد عدالت میں موجود تھی۔دورانِ سماعت سوسائٹی انتظامیہ کے وکلاء نے مؤقف اختیار کیا کہ تقریباً 600 افراد کو پلاٹس دے دیے گئے ہیں تاہم جب عدالت نے اس دعوے کی تفصیلات طلب کیں تو وکلاء کوئی تسلی بخش جواب یا ٹھوس شواہد پیش نہ کر سکے۔جسٹس ارباب محمد طاہر نے اس صورتحال پر سخت ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے ریمارکس دیے کہ آپ اس سادہ سے کیس کو غیر ضروری طور پر الجھا رہے ہیں۔ عدالت نے آپ کو ایک ماہ کا وقت دیا تھا کہ واضح کریں متاثرین کو پلاٹس دیے گئے ہیں یا نہیں۔عدالت نے مزید واضح کیا کہ یہ ممکن نہیں کہ سینکڑوں متاثرین عدالت میں پیش ہوں اور عدالت ایک ایک شخص کو انفرادی طور پر سنے اگر معاملے کو اسی طرح طول دیا گیا تو اگلے دس سال تک بھی فیصلہ نہیں ہو سکے گا۔بعد ازاں جسٹس ارباب محمد طاہر نے سرکل رجسٹرار کو عدالت میں حاضر ہونے کا حکم دیا اور متاثرین کو انتظار کرنے کی ہدایت کی تاکہ سرکل رجسٹرار کی موجودگی میں واضح احکامات جاری کیے جا سکیں اور متاثرین کے دیرینہ مسائل کے حل کی راہ ہموار ہو۔دوبارہ سماعت کے دوران جسٹس ارباب طاہر نے سرکل رجسٹرار سے استفسار کیا کہ دفعہ 54 کی انکوائری کے تحت اب تک کتنے متاثرین کے حق میں فیصلے ہو چکے ہیں؟ جس پر جناب اشتیاق جلالی نے بتایا کہ 154 متاثرین کے حق میں فیصلے ہو چکے ہیں۔اس پر عدالت نے واضح ہدایت جاری کی کہ پہلے سے فیصلہ حاصل کرنے والے تمام 154 متاثرین کو ایک ہفتے کے اندر پلاٹوں کا باقاعدہ قبضہ دیا جائے اور اس کے بعد باقی متاثرین دفعہ 54 کی انکوائری کے تحت رجسٹرار آفس سے رجوع کریں جبکہ رجسٹرار آفس اپنی دیگر مصروفیات چھوڑ کر متاثرین کی درخواستوں اور انکوائریوں کو ترجیحی بنیادوں پر نمٹائے اور جو متاثرین میرٹ پر پورا اترتے ہیں انہیں فوری ریلیف دیا جائے جبکہ نامکمل دستاویزات یا دیگر مسائل رکھنے والے متاثرین کے معاملات بھی حل کرنے کی کوشش کی جائے۔عدالت نے مزید ریمارکس دیے کہ گزشتہ چار پانچ سال سے سینیارٹی لسٹ،افیلی ایشن ایگریمنٹس اور دیگر معاملات کو عدالتوں میں الجھانے سے متاثرین اور عدالت دونوں کا قیمتی وقت ضائع ہو رہا ہے۔ متاثرین کے مسائل کے حل کا بنیادی فورم رجسٹرار آفس ہے اور دفعہ 54 کی انکوائری کے ذریعے ہی انہیں ان کے جائز پلاٹس کا قبضہ مل سکتا ہے۔

مزید خبریں