اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز)اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نو منتخب ایگزیکٹو ممبر، ستارہ مارکیٹ کے صدر اور گیسٹ ہاؤس ایسوسی ایشن کے سرپرست اعلیٰ سید الطاف حسین شاہ کے اعزاز میں ممتاز سماجی و سیاسی شخصیت سید مرتضیٰ شاہ کی جانب سے جی سیون ون میں شاندار استقبالیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔تقریب میں ظہور اعوان، محمد خالد قریشی، سردار عمران بلوچ، سید جہانگیر شاہ سعیدی، سعید قربان شاہ، سید غلام حسین شاہ، سید محمد حسین شاہ، محمد حمزہ خالد، ملک آفاق اعوان، سید کاشف رضوی سمیت اہلیان جی سیون ون اور دیگر معززین نے شرکت کی۔استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سید الطاف حسین شاہ نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کی کرم نوازی، مہربانی اور عنایت کے بعد اپنی برادری، دوستوں اور ساتھیوں کی بھرپور محبت، تعاون اور حمایت سے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا الیکشن جیتنے میں کامیاب ہوا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ میری کامیابی میں گیسٹ ہاؤس ایسوسی ایشن، ملک ایسوسی ایشن اور ستارہ مارکیٹ کے تاجروں کا اہم کردار ہے، جس پر میں ان کا تہہ دل سے شکر گزار ہوں۔سید الطاف حسین شاہ نے کہا کہ میرے دروازے تمام دوستوں، تاجروں اور ساتھیوں کے لیے ہمیشہ کھلے ہیں۔ ان شاء اللہ اسلام آباد کی تاجر برادری اور اپنے ساتھیوں کے مسائل کے حل کے لیے بھرپور کردار ادا کروں گا اور انہیں ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کی کوشش کروں گا۔تقریب سے وفاقی انجمن شہریان کے سیکرٹری محمد خالد قریشی اور سردار عمران بلوچ نے بھی خطاب کیا۔ مقررین نے سید الطاف حسین شاہ کو اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا ایگزیکٹو ممبر منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ وہ تاجر برادری اور شہریوں کے مسائل کے حل کے لیے اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں گے۔تقریب کے اختتام پر خطیب مسجد جی سیون فور سید جہانگیر شاہ سعیدی نے خصوصی دعا کرائی، جبکہ شرکاء نے سید الطاف حسین شاہ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔











