لاہور(روشن پاکستان نیوز) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ لاہور کے بعد ملتان میں بھی کینسر کے مریضوں کو مفت علاج کی سہولت فراہم کی جائے گی۔
وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کینسر کے علاج کے لیے کوابلیشن اور ملتان کینسر سینٹر کا افتتاح کر دیا ہے۔
ملتان کینسر سینٹر میں ہر اسٹیج کے کینسر مریضوں کا مفت علاج کیا جائے گا جبکہ مریضوں کو علاج کے لیے طویل تاریخیں نہیں دی جائیں گی۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ کینسر کے مریضوں کا علاج 60 منٹ میں کیا جائے گا۔ اور یہ اقدام پنجاب میں صحت کے شعبے میں اہم پیشرفت ہے۔
عظمیٰ بخاری نے کینسر اسپتال سے متعلق مزید کہا کہ لاہور میں ایک ہزار بستروں پر مشتمل نواز شریف کینسر اسپتال مکمل ہو چکا ہے اور یہ پاکستان کا جدید ترین منصوبہ ہے۔ جبکہ پی کے ایل آئی کی طرح نواز شریف کینسر اسپتال بھی عالمی سطح پر پاکستان کی شناخت بنے گا۔
اپنا کھیت ، اپنا روز گار پروگرام کے تحت 160 ارب کی زمین لیز پر دی جائے گی:عظمیٰ بخاری
انہوں نے سیاسی معاملات پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کسی صوبائی حکومت سے کوئی مقابلہ یا موازنہ نہیں۔ انہوں نے مخالفین پر مریم نواز کی کارکردگی کا مقابلہ نہ کرنے اور ذاتی حملوں کے ذریعے عوام کو گمراہ کرنے کا الزام بھی عائد کیا۔
عظمیٰ بخاری نے مزید دعویٰ کیا کہ 9 مئی اور 26 نومبر کے واقعات بانی پی ٹی آئی کے لیے گلے کا طوق بنی ہوئی ہیں۔ جبکہ 27 ستمبر کو تیسری بغاوت کی منصوبہ بندی ہو رہی ہے۔
وزیر اطلاعات پنجاب نے خیبرپختونخوا کے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کو بانی پی ٹی آئی کی بغاوتوں سے دور رکھیں۔ ان کے اپنے بچے لندن میں عیش کر رہے اور خیبر پختونخوا کے بچوں کو عزائم کے لیے استعمال کرنا چاہتے ہیں۔











