اسلام آباد(محب) نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے اپوسٹیل اور دستاویزات کی تصدیق کے نظام سے متعلق میڈیا رپورٹس کا نوٹس لیتے ہوئے وزارت خارجہ کے تصدیقی نظام کی تحقیقات کے لیے تین رکنی انکوائری کمیٹی قائم کردی۔
جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق سیکریٹری پٹرولیم حامد یعقوب شیخ کمیٹی کے کنوینر ہوں گے، جبکہ سیکریٹری قانون راجہ نعیم اکبر اور اسپیشل سیکریٹری خزانہ قمر سرور عباسی کمیٹی کے ارکان مقرر کیے گئے ہیں۔
ایرانی وزیر خارجہ اور فیلڈ مارشل پاکستان کے درمیان رابطہ، علاقائی پیشرفت پر گفتگو
کمیٹی اپوسٹیل اور دستاویزات کی تصدیق کے نظام میں ممکنہ غلط استعمال اور بے ضابطگیوں کا جائزہ لے گی، جبکہ تصدیقی عمل سے منسلک کوریئر سروسز کے کردار کی بھی تحقیقات کی جائیں گی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق کمیٹی وزارت خارجہ کے افسران کے ممکنہ ملوث ہونے کا بھی تعین کرے گی اور نظام میں بہتری کے لیے ضروری اصلاحات کی تجاویز دے گی۔
انکوائری کمیٹی کو اپنی تحقیقات مکمل کرکے سفارشات اور نتائج دو ہفتوں کے اندر پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ وزارت خارجہ کے ایڈیشنل سیکریٹری ایڈمن کمیٹی کو تمام متعلقہ ریکارڈ اور مواد تک رسائی سمیت مکمل معاونت فراہم کریں گے۔











