ریاض (وقار نسیم وامق) مملکتِ سعودی عرب نے پاکستان کے لیے نئے سفیر کی تقرری کر دی ہے, راجح بن طامی البقمی نے سعودی ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان کے سامنے اپنے عہدے کا حلف اٹھایا۔
خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی نیابت کرتے ہوئے سعودی ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان نے نوتعینات سعودی سفیر برائے پاکستان راجح بن طامی البقمی سے ان کے عہدے کا حلف لیا۔
راجح بن طامی البقمی ایک سینئر سفارتکار ہیں اور ماضی میں مختلف اہم سفارتی ذمہ داریاں سرانجام دے چکے ہیں۔ ان کی پاکستان میں تعیناتی ایسے وقت میں ہوئی ہے جب پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان سیاسی، دفاعی، اقتصادی اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون مزید فروغ پا رہا ہے، وہ جلد پاکستان میں اپنی سفارتی ذمہ داریاں سنبھال لیں گے۔











