اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز): آزاد کشمیر میں تین مراحل میں ہونے والے انتخابات کے پہلے مرحلے میں میرپور ڈویژن میں کل الیکشن ہو رہے ہیں۔
آزاد جموں وکشمیر میں مرحلہ وار عام انتخابات ہو رہے ہیں۔ پہلے مرحلے میں میرپور ڈویژن میں کل الیکشن کا انعقاد ہو رہا ہے۔ پولنگ کے سلسلے میں آزاد کشمیر حکومت نے 27 جولائی کو میرپور ڈویژین میں عام تعطیل کا اعلان کر دیا ہے۔
کل میرپور ڈویژن کی 13 نشستوں پر عام انتخابات ہوں گے۔ ان میں میرپور کی 4، بھمبر کی 3 اور کوٹلی کی 6 نشستوں پر ووٹ ڈالے جائیں گے۔ ان نشستوں پر 287 امیدوار میدان میں ہیں۔ ان میں مختلف سیاسی جماعتوں کے نامزد امیدواروں سمیت آزاد امیدوار بھی شامل ہیں۔
میرپور ڈویژن میں مجموعی طور پر رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 14 لاکھ 1 ہزار 439 ہے۔ ان میں خواتین ووٹرز کی تعداد 6 لاکھ 75 ہزار 628 جب کہ رجسٹرڈ مرد ووٹرز کی تعداد 7 لاکھ 25 ہزار 811 ہے۔
پورے ڈویژن میں مجموعی طور پر 2454 پولنگ اسٹیشنز اور 3701 پولنگ بوتھ بنائے گئے ہیں۔
آزاد کشمیر کے انتخابات ایک ہی دن اور ایک ہی وقت میں کرائے جائیں، سردار یعقوب خان
ڈی آر او سردار محمد اکرم کا کہنا ہے الیکشن پر امن، شفاف اور آزادانہ ماحول میں کرانےکے اقدامات مکمل ہیں۔ انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
چیف الیکشن کمشنرغلام مصطفیٰ مغل نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ گھر سے نکل کر اپنی مرضی کے نمائندے کا انتخاب کریں۔ ریاست ان کی سیکیورٹی یقینی بنائے گی۔
پولنگ اسٹیشنوں پر فورسز اور کوئیک رسپانس فورس تعینات ہوگی۔ ووٹنگ کے عمل میں رکاوٹ ڈالنے والوں کے خلاف کارروائی ہوگی۔











