واشنگٹن (روشن پاکستان نیوز): امریکا نے ایران کے ساتھ بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث شہریوں کو مشرقِ وسطیٰ کے سفر پر نظرِ ثانی کا مشورہ دے دیا۔
امریکی محکمہ خارجہ نے خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے پیشِ نظر شہریوں کو زیادہ احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے۔ اور امریکی شہریوں کو اپنے سفری منصوبوں پر ازسرِنو غور کرنے کی سختی سے سفارش کی گئی ہے۔
محکمہ خارجہ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا ’’مشرقِ وسطیٰ میں شدید کشیدگی کے باعث سیکیورٹی کی صورت حال بدستور پیچیدہ ہے اور کسی بھی وقت غیر متوقع طور پر کشیدگی میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔‘‘
ٹرمپ کا زمینی فوج بھیجنے پر غور، کیا امریکا ایران پر قبضے کی تیاری کر رہا ہے؟
بیان میں کہا گیا ’’امریکی شہریوں کو مشرقِ وسطیٰ کی جانب یا اس کے راستے سفر کرنے پر دوبارہ غور کرنا چاہیے۔‘‘
محکمہ خارجہ نے خطے میں موجود امریکی شہریوں کو بھی ’’مسلسل احتیاط کی ضرورت‘‘ یاد دلاتے ہوئے مشورہ دیا کہ وہ ’’تازہ پیش رفت سے آگاہ رہنے کے لیے خبروں پر نظر رکھیں۔‘‘
مزید کہا گیا کہ مشرقِ وسطیٰ میں سفر کرنے والے مسافر اپنی فضائی کمپنیوں سے ضرور رابطہ کریں تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ ان کی پروازیں اب بھی اپنے مقررہ شیڈول کے مطابق ہیں۔











