ریاض (وقار نسیم وامق) سعودی عرب میں ریاض کرکٹ لیگ کے زیرِ اہتمام سعودی نیشنل کرکٹ ٹیم کے لیے ٹرائل کیمپ منعقد ہوا جس میں مختلف شہروں سے آئے کھلاڑیوں نے بیٹنگ، باؤلنگ اور فیلڈنگ میں اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا۔
ٹرائل کیمپ میں سعودی کرکٹ ٹیم کے جنرل مینیجر اقبال سکندر، ہیڈ کوچ سلیم جعفر،ویلفیئر اتاشی سفارتخانہ پاکستان صاعد عزیز اور آر سی ایل کے صدر حنیف بابر سمیت اہم شخصیات شریک تھیں۔
ماہرین نے کھلاڑیوں کی کارکردگی کا باریک بینی سے جائزہ لیا اور نمایاں کارکردگی دکھانے والے کھلاڑی آئندہ تربیتی کیمپ اور قومی ٹیم کے انتخابی مراحل میں شامل ہوں گے۔ حکام کا کہنا تھا کہ ایسے ٹرائلز نوجوانوں کو اپنی صلاحیتیں منوانے اور قومی ٹیم میں جگہ بنانے کا بہترین موقع فراہم کرتے ہیں۔
اقبال سکندر نے بتایا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ اور سعودی کرکٹ فیڈریشن کے درمیان تعاون سے سعودی کرکٹ میں مزید بہتری آئے گی جبکہ طائف میں نئے کرکٹ اسٹیڈیم میں جلد گلف ممالک کے درمیان ٹی ٹونٹی میچز کا انعقاد ہوگا اور سعودی خواتین کرکٹ ٹیم کی تشکیل بھی جاری ہے۔











