تحریر: سید شہریار احمد
ایڈوکیٹ ہائی کورٹ
مصیبتوں میں مدد کے لیے دعا
اے ہمارے خدا ،تو ہمیں اپنے قہر میں چھوڑ کر نہ جا اور اپنے غیض و غضب سے ہمیں تنبیہ نہ کر کیونکہ ہم اب پژمردہ ہو گئے ہیں۔
اے کائنات کے مالک ،ہمیں شفا دے کیونکہ ہماری روحوں میں بے قراری ہے،
ہماری جانیں بے قرار ہیں،
تڑپتی ہیں،
اور تو اے خداوند کب تک؟
کب تک ہم سے ناراض رہے گا اور ہمیں نظر انداز کرے گا؟
لوٹ آ میرے خدا
اور ہماری جانوں کو عذابوں سے چھڑا اپنے رحم و کرم سے۔
ہم بہت اذیت بھری زندگی جی رہے ہیں۔
کوئی شخص، کوئی ذی روح تیری اس زمین پر مطمئن اور خوش نہیں ہے۔
لوگوں کو سنگین اور لاعلاج بیماریوں نے آ گھیرا ہے ۔
تیرے پسندیدہ پیغمبر کی امت سینکڑوں سالوں سے زیر عتاب ہے۔
لوگ پریشانیوں سے تنگ آ کر خودکشیاں کرنے تک مجبور ہو رہے ہیں۔
اے ہمارے خدا، اپنا رحم کر ہم پر۔
ہم زندوں کو بچا لے میرے مولا کیونکہ موت کے بعد تیری یاد نہیں ہوتی ۔
قبر میں کون تیری شکر گزاری کرے گا ؟
ہم کراہتے کراہتے تھک گئے اور میں تو اپنا بستر آنسوؤں سے بھگوتا ہوں۔
ہر رات میرا بستر میرے آنسوؤں سے گیلا ہوتا ہے،
میری آنکھ غم کے مارے بیٹھی جاتی ہے اور ہمارے حاسدین کے سبب ہماری آنکھیں دھندلانے لگی ہیں۔
محافظت کے لیے دعا۔
اے ہمارے عظیم خدا ، میری باتوں پر کان لگا ،میری آہوں پر متوجہ ہو۔ اے دنیا کے بادشاہ، اے قادر مطلق ،میری فریاد سن کہ میں تجھ سے ہی دعا کرتا ہوں۔
اے میرے رب ، تو صبح میری آواز سنے گا ،
میں سویرے ہی تجھ سے دعا کر کے انتظار کروں گا کیونکہ تو نے کہا ہے صبح کی نماز پڑھنا بہت فضیلت کی بات ہے اور اس وقت کی دعا قبول ہوتی ہے اور صبح فرشتے تیری عبادت کرتے ہیں۔
میں صبح جلدی اٹھوں گا اور میں فرشتوں کے ساتھ تیری عبادت کروں گا ۔تجھ سے دعا کروں گا، تم میری دعا سننا اور مجھے جواب دینا کیونکہ میں جانتا ہوں کہ تو ایسا نہیں کہ برائی سے خوش ہو ،
بدی تیرے ساتھ نہیں رہ سکتی، گھمنڈی تیرے حضور کھڑے نہیں ہو سکتے اور تجھے سب بدکراروں سے نفرت ہے،
تو ان کو جو جھوٹ بولتے ہیں ہلاک کرے گا اور خداوند ،دغا باز آدمی سے تجھے کراہت ہے ۔
میں تیری شفقت کی کثرت سے تیرے گھر آؤں گا ۔
میں تیرا رعب، تیری طاقت مان کر تیرے کعبے کی طرف رخ کر کے سجدہ کروں گا
اور تو میری راہیں صاف کر دے گا اور برے لوگوں کو جو تجھ سے سرکشی کرتے ہیں مجرم ٹھہرائے گا اور وہ اپنے ہی مشوروں سے تباہ ہوں گے جو تیری مخلوق پر ظلم و ستم کرتے ہیں۔
اور وہ جو تجھ پر بھروسہ کرتے ہیں وہ شادمان ہوں گے کیونکہ تو ان سے محبت کرتا ہے۔
تو اب اے ساری تکلیفو ،مشکلو میرے پاس سے دور ہو جاؤ کیونکہ اللہ نے میرے رونے کی آواز سن لی ہے ۔
اس نے میری منت و سماجت پر توجہ فرما لی ہے،
وہ صبح مجھ سے مخاطب ہوگا میری دعائیں قبول کرے گا اور میرے سب دشمن نہایت شرمندہ اور ناکام ہوں گے اور لوٹ جائیں گے۔
اے میرے اللہ، اس پوری کائنات کے مالک! کل صبح فجر کی نماز کے وقت میرا دل کہتا ہے کہ تو ضرور حاضر ہو گا
اگر تو ہے تو؟











