جمعرات,  09 جولائی 2026ء
وزیراعظم کی 100 میگاواٹ سولر منصوبے سے متعلق اہم ہدایات

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) وزیراعظم نے گلگت بلتستان کے لئے 100 میگا واٹ شمسی توانائی منصوبے کی تکمیل کے لیے اہم ہدایات جاری کر دیں۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت گلگت بلتستان کے لئے 100 میگا واٹ شمسی توانائی منصوبے پر جائزہ اجلاس ہوا جس میں انہوں نے کہا کہ ماحول دوست صاف، سستی اور پائیدار توانائی کے فروغ کے لیے شمسی توانائی کا فروغ قومی توانائی کا اہم جزو ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ 100 میگاواٹ سولر منصوبہ وفاقی حکومت کی جانب سے گلگت بلتستان کے عوام کے لیے ایک تحفہ ہے، پاور ڈویژن منصوبے کی تنصیب اور بروقت تکمیل کے حوالے سے اپنی ذمے داری پوری کرے اور سولر منصوبے کیلئے خریداری کے عمل میں مکمل شفافیت یقینی بنائی جائے۔

وزیراعظم نے ہدایت دی کہ تمام ادائیگیاں تیسرے فریق کی توثیق (Third-Party Validation) کے بعد کی جائیں۔

سولر پینلز کی قیمتیں گرگئیں! تازہ ترین قیمتوں سے متعلق صارفین کیلئے اہم خبر

شرکا  کو گلگت بلتستان شمسی توانائی منصوبے پر پیشرفت پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ منصوبے کے تحت 499 سرکاری عمارتوں کی چھتوں پر بیٹری اسٹوریج سمیت 18 میگاواٹ سولر سسٹم دسمبر 2026 تک نصب کر دیا جائے گا، 82 میگاواٹ یوٹیلٹی اسکیل سولر منصوبے کا پی سی ون منظوری کے لیے ایکنک (ECNEC) کو بھجوا دیا گیا، 82 میگاواٹ سولر منصوبے سے تقریباً 13 لاکھ افراد مستفید ہوں گے۔

بریفنگ میں کہا گیا کہ منصوبے کی تکمیل سے گلگت بلتستان میں سروس کا معیار بہتر ہو گا اور لوڈ شیڈنگ کے خاتمے میں مدد ملے گی۔

اجلاس میں وفاقی وزیر برائے پاور ڈویژن سردار اویس لغاری، وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔

مزید خبریں