اتوار,  05 جولائی 2026ء
فیفا ورلڈ کپ: فرانس نے پیراگوئے کو 0-1 سے شکست دے دی

فلاڈیلفیا (روشن پاکستان نیوز): فرانس نے سخت جان پیراگوئے کو شکست دے کر فیفا ورلڈ کپ 2026 کا اب تک کا سب سے کڑا امتحان پاس کر لیا۔

فیفا ورلڈ کپ کے پری کوارٹر فائنل مرحلے میں فرانس نے پیراگوئے کو 0-1 سے شکست دے دی ہے، فرانس کی جانب سے واحد گول ایمباپے نے پینالٹی کک پر کیا، فیفا ورلڈ کپ 2026 میں ایمباپے کے گولز کی تعداد 7 ہو گئی۔

کھیل کچھ زیادہ دل چسپ نہیں تھا اور فیصلہ آنے میں بھی وقت لگا، لیکن 70 ویں منٹ میں کیلیان ایمباپے کے پنالٹی گول نے اس تعطل ختم کر دیا۔ دراصل شدید گرمی کے باعث میچ کو رفتار پکڑنے میں کافی وقت لگا، جب کہ پہلے ہاف میں دونوں ٹیموں کے درمیان مسلسل فاؤل، تلخ جملوں کا تبادلہ اور سخت مقابلہ دیکھنے میں آیا۔ پہلے ہاف میں مجموعی طور پر صرف 5 شاٹس لگے، جب کہ دونوں ٹیموں کا مشترکہ ایکس جی (متوقع گولز) صرف 0.20 رہا (پیراگوئے 0.05، فرانس 0.15)۔

فرانس میں شدید گرمی سے جنگلات میں آگ بھرک اٹھی، 900 ایکڑ اراضی خاکستر، ہزاروں بے گھر

آخرکار فرانس کو اس وقت پنالٹی ملی جب پیراگوئے کے ڈیاگو گومیز نے متبادل کھلاڑی دیزیغے دوئے کو پنالٹی ایریا میں گرا دیا۔ وی اے آر سے طویل جائزے کے بعد ریفری الگیز تنتاشیف نے پنالٹی کا اشارہ دے دیا۔ پنالٹی لینے کے لیے ایمباپے آگے بڑھے اور انھوں نے گول کیپر اورلینڈو گل کو غلط سمت میں بھیجتے ہوئے گیند جال میں پہنچا دی، جو میچ کا فیصلہ کن گول ثابت ہوا۔

یہ ورلڈ کپ میں ایمباپے کا ساتواں گول تھا، جس کے بعد وہ ارجنٹینا کے لیونل میسی کے ساتھ گولڈن بوٹ کی دوڑ میں برابر آ گئے۔ اس کے ساتھ ہی ایمباپے، میسی کے بعد صرف دوسرے کھلاڑی بن گئے ہیں جنھوں نے دو مختلف ورلڈ کپ (2022 اور 2026) میں 7 یا اس سے زیادہ گول کیے ہیں۔

اب فرانس کا اگلا مقابلہ جمعرات 9 جولائی کو بوسٹن میں مراکش سے ہوگا۔

مزید خبریں