اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) اسلام آباد پولیس نے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں تیز کرتے ہوئے تھانہ کراچی کمپنی کی حدود میں ایک اہم کامیابی حاصل کر لی۔
ایس ایچ او تھانہ کراچی کمپنی ندیم طاہر کی نگرانی میں اے ایس آئی سجاد انجم اور پولیس ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے مختلف نوعیت کے جرائم میں ملوث تین رکنی منشاء گینگ کے سرغنہ منشاء مسیح کو اس کے دو ساتھیوں سمیت گرفتار کر لیا۔
انسانی اعضا کی اسمگلنگ : گرفتار ملزمان کے دوران تفتیش اہم انکشافات
پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کے قبضے سے لاکھوں روپے مالیت کا چوری شدہ سامان برآمد کیا گیا، جس میں ایک چوری شدہ موٹر سائیکل، گاڑیوں سے چوری کی گئی بیٹریاں، الیکٹرک کیبل اور وارداتوں میں استعمال ہونے والے آلات شامل ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے اور ان سے مزید انکشافات کی توقع ہے۔ اسلام آباد پولیس نے واضح کیا ہے کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن آئندہ بھی بلا تعطل جاری رہے گا تاکہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔











