رات کی کھانسی کبھی نظر انداز نہ کریں، خطرناک بیماری کی علامت

کراچی(روشن پاکستان نیوز) : رات کی کھانسی پھیپھڑوں کی بیماری کی سب سے بڑی علامت ہے، عام طو پر اسے محض ایک معمولی مسئلہ سمجھا جاتا ہے اگر اسے نظرانداز کیا جائے تو خطرناک نتائج سامنے آسکتے ہیں۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں ماہر صحت ڈاکٹر وسیم جمالی نے کھانسی کی مختلف وجوہات، علامات اور علاج کے حوالے سے تفصیلی گفتگو کی۔

انہوں نے بتایا کہ مسلسل یا بار بار ہونے والی کھانسی کو معمولی سمجھ کر نظر انداز نہیں کرنا چاہیے کیونکہ یہ دمے، الرجی یا دیگر پیچیدہ بیماریوں کی علامت ہوسکتی ہے۔

ڈاکٹر وسیم جمالی کے مطابق بعض اوقات بچوں میں طویل عرصے تک جاری رہنے والی کھانسی کی اصل وجہ سانس کی نالی میں پھنسی کوئی بیرونی شے بھی ہو سکتی ہے۔

انہوں نے ایک واقعاتی مثال دیتے ہوئے کہا کہ ایک بچے کا ڈیڑھ سال تک دمے اور نمونیا کا علاج ہوتا رہا، تاہم بعد ازاں معائنے کے دوران اس کی سانس کی نالی سے چھالیہ کا ایک چھوٹا ٹکڑا نکلا جس کے بعد اس کی کھانسی ختم ہوگئی۔

انہوں نے کہا کہ بچوں میں شام یا رات کے وقت بار بار کھانسی آنا دمے کی ابتدائی علامات میں شامل ہو سکتا ہے، والدین کو چاہیے کہ ایسی کیفیت کو سنجیدگی سے لیں اور بروقت معالج سے رجوع کریں۔

ماہر صحت کے مطابق دمہ اور رات کی کھانسی کی ایک بڑی وجہ الرجی بھی ہوتی ہے۔ بلی کے بال، کاکروچ، گرد و غبار، پردوں اور قالینوں میں موجود مائٹس، پولن اور بعض غذائیں حساس افراد میں الرجی پیدا کر سکتی ہیں، جو بعد میں مسلسل کھانسی یا دمے کی صورت اختیار کرسکتی ہے۔

شہری کھانسی کا یہ سیرپ اور ملٹی وٹامن ہرگز نہ خریدیں! الرٹ جاری

ڈاکٹر وسیم جمالی نے مزید کہا کہ کھانسی کی تشخیص میں مریض کی مکمل طبی تاریخ (ہسٹری) انتہائی اہم کردار ادا کرتی ہے، گھر کے دیگر افراد میں نزلہ، زکام، الرجی یا دمے کی موجودگی، ماحولیاتی عوامل اور غذائی حساسیت جیسے عوامل بیماری کی تشخیص میں مدد دیتے ہیں۔

ماہر صحت نے والدین کو مشورہ دیا کہ اگر بچے کو بار بار کھانسی ہو، رات کے وقت علامات شدت اختیار کر جائیں یا کھانسی طویل عرصے تک برقرار رہے تو اسے معمولی موسمی بیماری سمجھنے کے بجائے طبی معائنہ ضرور کروایا جائے تاکہ کسی ممکنہ پیچیدگی سے بچا جا سکے۔

مزید خبریں