کویت سٹی (روشن پاکستان نیوز): کویت کا مذاق اڑانے پر دو کویتی شہریوں کو تین سال قید کی سزا ہو گئی ہے۔
کویت کی اپیلز کورٹ نے نچلی عدالت کا ایک فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے دو کویتی شہریوں کو ملک کی موجودہ صورت حال کا مذاق اڑانے سے متعلق مقدمے میں تین، تین سال قیدِ با مشقت کی سزا سنا دی۔
مقامی اخبار کے مطابق یہ مقدمہ وزارتِ داخلہ کے اس بیان کی بنیاد پر قائم کیا گیا تھا، جس میں دو کویتی شہریوں اور ایک کولمبین باشندے کی گرفتاری کا اعلان کیا گیا تھا۔ ان افراد کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی، جس میں انھیں توہین آمیز اور نامناسب جملے ادا کرتے ہوئے دیکھا گیا تھا۔
وزارتِ داخلہ کا کہنا تھا کہ ویڈیو میں موجود مواد متعدد جرائم کے زمرے میں آتا ہے، جن میں جھوٹی خبریں پھیلانا، قومی مفادات کو نقصان پہنچانا اور ٹیلی فون کے غلط استعمال جیسے جرائم شامل ہیں۔
بجٹ میں خواتین کو با اختیار بنانے کا موقع ضائع کر دیا گیا، ثمینہ فاضل
وزارت نے بتایا کہ ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد انھیں متعلقہ حکام کے حوالے کر دیا گیا تھا۔ وزارتِ داخلہ نے خبردار کیا کہ ملک کے مفادات کو نقصان پہنچانے یا قومی سلامتی کو متاثر کرنے والا مواد شائع یا پھیلانے والے کسی بھی شخص کے خلاف قانون کا سختی سے اطلاق کیا جائے گا۔











