بنوں(روشن پاکستان نیوز) خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں میں یکے بعد دیگرے دو دھماکوں کے نتیجے میں 7 افراد جاں بحق اور 3 شدید زخمی ہو گئے۔
خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں میں تھانہ احمد زائی کی حدود میں واقع علاقے برغنتو میں یکے بعد دیگرے دو خوفناک دھماکے ہوئے ، جس کے نتیجے میں 7 افراد جاں بحق اور 3 شدید زخمی ہو گئے۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر یاسر آفریدی نے بتایا کہ پہلا دھماکا سواریوں سے بھری ایک مسافر وین کے قریب ہوا، جس نے گاڑی کو شدید نقصان پہنچایا۔
ڈی پی او کا مزید بتانا تھا کہ ایسے ہی امدادی کارروائی شروع ہوئی اور زخمیوں کو منتقل کرنے کے لیے دوسری گاڑی موقع پر پہنچی، تو دہشت گردوں کی جانب سے دوسرا دھماکا کر دیا گیا۔
واقعے کے فوراً بعد ریسکیو ٹیموں اور سیکیورٹی فورسز نے موقع پر پہنچ کر جاں بحق ہونے والوں کی لاشوں کو رورل ہیلتھ سینٹر اور زخمیوں کو خلیفہ گل نواز سپتال منتقل کیا۔
بم ڈسپوزل یونٹ کی ابتدائی رپورٹ کے مطابق دونوں دھماکے ریموٹ کنٹرول ڈیوائس کے ذریعے کیے گئے، جن میں مجموعی طور پر تقریباً 50 کلو گرام بارودی مواد استعمال کیا گیا۔
سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔
بنوں: تھانہ میریان کے قریب دھماکہ، 2 افراد جاں بحق، 12 زخمی
دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بنوں میں ہونے والے ان دھماکوں کی پرزور مذمت کرتے ہوئے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ معصوم لوگوں اور بچوں کو نشانہ بنانا درندگی کی انتہا ہے۔
وزیر داخلہ نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ یہ درندہ صفت خوارجی کسی بھی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔











